قوم اتحاد کے ذریعے پاکستان دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائے،علامہ ریاض
لاہور(پ ر)جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں تیز ہو چکی ہیں۔ قوم اپنے اتحاد کے ذریعے پاکستان دشمن سازشوں کو ناکام بنائے۔ فرقہ واریت کے ذریعے امت مسلمہ کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ قوم اسلامیت، پاکستانیت اور انسانیت کی بنیاد پر متحد ہو جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق مسجد لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ قومی قائدین قوم کو متحد کریں۔ پاکستان کے استحکام کے لیے لسانی علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ ضروری ہے۔ دہشت گردی کی تازہ لہر تشویشناک ہے۔ نیشنل ایکشن پلان قیام امن کا قومی نصاب ہے اس لیے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیئے تمام طبقات کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ علماء حقیقی اسلام اور حقیقت اسلام دنیا کے سامنے پیش کریں۔ اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والے اسلام کا خوبصورت چہرہ مسخ کر رہے ہیں۔ اسلام امن و محبت کا دین ہے۔ اسلام نفرت نہیں محبت کا درس دیتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات امن پر عمل ہی عالمی امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔