فرقہ وارانہ لڑائی کی سازشیں ناکام بنائیں گے،شاہ اویس نورانی

فرقہ وارانہ لڑائی کی سازشیں ناکام بنائیں گے،شاہ اویس نورانی

  



لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ قوم کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر لڑانے کی غیر ملکی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردی کو فرقہ واریت سے جوڑنا ملک دشمنی ہے۔ جمشید دستی پر ظلم و تشدد قابل مذمت ہے۔ نواز شریف اور عمران خان دونوں کو نااہل قرار دینے کے سکرپٹ پر عمل ہو رہا ہے۔ حکومت قادیانیوں کی ملک دشمن منفی سرگرمیوں کا نوٹس لے۔ محبت رسول ایمان کی اصل روح ہے۔ امریکہ بھارت کو فوجی امداد دے کر خطے میں جنگ کا ماحول پیدا کر رہا ہے۔ محب وطن قوتیں ملک کا امن تباہ کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ عالمی قوتیں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔ مذہبی قائدین فرقہ وارانہ کشیدگی روکنے کے لیئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ فرسودہ نظام نے ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ احتساب کا موثر نظام بنانا ملک و قوم کی ضرورت ہے۔ پاناما کیس کا فیصلہ سب کو ماننا پڑے گا۔ ملک سیاسی عدم استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ لگتا ہے کہ کوئی بڑا سیاسی حادثہ ہونے والا ہے۔ قومی قائدین جوش کی بجائے ہوش سے کام لیں تاکہ غیر جمہوری قوتوں کو کسی سازش کا موقع نہ مل سکے۔ ملک محاذ آرائی اور تصادم کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...