موسلادھار بارش سے شاہدرہ جوہڑ میں تبدیل ، ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ
لاہور(جنرل رپورٹر) شاہدرہ کے علاقے میں تین دن گزرنے کے باوجود شہر کے نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی نہ نکالا جا سکا،خالی پلاٹ اور ریلوے کی پٹری کے ساتھ خالی مقامات گندے پانی کے تالا ب بن گئے،مچھروں کی افزائش اور ڈینگی پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے،تفصیلات کے مطابق عید کے تیسرے دن ہونے والی موسلا دھار بارش نے پورے شہر میں جل تھل کر دیا شہر بھر میں پانی کھڑا ہو گیا بالائی مقامات سے پانی کا نکاس تو ہو گیا لیکن نشیبی علاقے تاحال پانی میں ڈوبے ہیں ،شاہدرہ کے مختلف علاقوں حسنین کالونی ،پراچہ کالونی،مقبرہ جہانگیر،راوی کلفٹن ،لاریکس کالونی ایکسٹن شاہدرہ ،راوی بند سمیت پورے شاہدرہ میں کھلی جگہوں اور خالی پلاٹوں میں گندا پانی مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہا ہے۔اہل علاقہ نے روزنامہ پاکستان کے دفتر فون پر شکایات کرتے ہوئے بتایا کہ ڈینگی کا سیزن پیک پر ہے ایسے میں گندا پانی ڈینگی بخار پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے اس لئے واسا حکام کو فوری طور پر ڈسپوزل پمپوں کے ذریعے خالی پلاٹوں سے گندا پانی سیوریج میں ڈالنے کا انتظام کیا جائے اس حوالے سے قاضی پارک کے جنرل کونسلر میاں کامران مشتاق نے ’’’پاکستان ‘‘کو بتایا کہ ریلوے پٹری کے ساتھ لاریکس کالونی ایکسٹنشن میں کھڑا پانی فوری نکالنے کیلئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے خوف سے اہل علاقہ خوفزدہ ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ واسا حکام سے گزارش ہے یونین کونسل 12میں گٹروں کی صفائی کا کام بھی فوری شروع کیا جائے کیونکہ بارش کی وجہ سے مٹی اور ریٹ سیوریج لائنوں میں جم چکی ہے اس لئے تھوڑی سی بارش میں ہی سیوریج کا پانی گٹروں سے باہرنکل آتا ہے ۔اس حوالے سے ڈائریکٹر راوی ٹاؤن عبدالمنان نے کہا کہ بارشی پانی بروقت نکال دیا تاہم جن خالی پلاٹوں میں پانی جمع ہے ان کو فوری طور پر ڈسپوز آف کرنے کیلئے متعلقہ ایس ڈی او کو حکم جاری کر دیا ہے اگر انہوں نے کوتاہی برتی تو ایکشن لیں گے