جمشید دستی پر تشدد سے آمریت کی یاد تازہ ہوگئی ہے ،عارف علوی

جمشید دستی پر تشدد سے آمریت کی یاد تازہ ہوگئی ہے ،عارف علوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سند ھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ شریف برادران جس طرح جمشید دستی پر شرمناک تشدد کیا اس سے آمریت کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔ ایک طرف مزدور کا بیٹا رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو پانی چوری کے مقدمے میں پابند سلاسل کر کے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف شریف برادران کا چہیتا محمود خان اچکزئی کا کزن عبد المجید اچکزئی قتل کے مقدمے میں بلوچستان پولیس پورا پروٹوکول فراہم کر رہی ہے۔ تھانے کے لاک اپ میں ایئر کولر لگایا گیا ۔ بغیر ہتھکڑیوں کے کورٹ میں پیش کیا گیا لیکن ان کے مقابلے میں غریب رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے جیل کے بیرک میں سانپ اور بچھو چھوڑے جارہے ہیں جبکہ جمشید دستی کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس ‘‘ کراچی میں سکھر ریجن کے مختلف اضلا ع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقا ت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر منصور شیخ، دو ا خان صابر، ممتاز تگڑ، جاوید احمد بلیدی،برکت علی، آصف علی شاہ، مہزور لغاری، عاجز بگٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ عمران خان 21سال سے چیخ رہا ہے کہ اس ملک میں دہرا نظام ہے۔ امیر کے لئے الگ اور غریب کے لئے الگ نظام ہے۔ دونوں اراکین اسمبلی ہیں لیکن امیر کے لئے پروٹوکول ہے اور غریب رکن اسمبلی کے اوپر تشدد کیا جارہا ہے ۔تحریک انصاف اس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے عمران خان 21سے سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں ۔ جب تک اس فرسودہ نظام کو جڑ سے نہیں اکھاڑیں گے اس وقت تک انصاف پر مبنی معاشرہ قائم نہیں ہو سکتا۔ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کا مقصد اس ملک میں عوامی حقوق کا حصول ہے۔ جب تک ملک میں انصاف پر مبنی نظام نہیں ہوگا اس وقت تک یہ ملک اور قوم ترقی یافتہ اور خوشحال نہیں ہو سکتی ۔اب عوام پر حکمرانوں کے ظلم کے نظام کے خلاف بغاوت کرنا فرض ہوچکا ہے۔

مزید :

علاقائی -