وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر نیشنل ایکشن کمیٹی ہائیکورٹ بار کا اجلاس طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ بار نے وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر آئندہ ہفتے نیشنل ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ۔ وکلاء تنظیموں کی طرف سے جمشیددستی کو بھرپور قانونی معاونت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے،لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بار کے عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم کے استعفے کے معاملے پر باقاعدہ تحریک شروع کی جائے گی اور نیشنل ایکشن کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ سیکرٹری عامر سعید راں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا جو وزیراعظم کے خلاف سب سے بڑا ثبوت ہے ۔ سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی آفتاب باجوہ نے کہا کہ وزرا عدالتوں کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں جس کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ، اگر رانا ثنااللہ سمیت وزرانے بیان بازی بند نہ کی تو ان کے سپریم کورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی ، وکلا ء ہر صورت عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔