ملزم ’’مجرم‘‘ بننے کے قریب ہیں فردِ جرم کا وقت آگیا: محمود الرشید

ملزم ’’مجرم‘‘ بننے کے قریب ہیں فردِ جرم کا وقت آگیا: محمود الرشید

  



لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ ملزم ’’ مجرم ‘‘ بننے کے قریب، فرد جرم لگنے کا وقت آگیا، ضد اور ہٹ دھرمی والا رویہ حکومت کے خاتمے کا سبب بنے گا، کسی کی ’’ سیاسی شہید‘‘ ہونے کی مراد پوری نہیں ہوگی، بڑی عید سے پہلا قوم کو ’’ بڑا سرپرائز ‘‘ ملنے والا ہے،ن لیگ میں شریف خاندان سے علیحدگی کی تحریک شروع ہونے کا وقت قریب ہے، آنے والے چند ہفتوں میں مسلم لیگ ن کا جھنڈا اٹھانے والا کوئی نہیں ہوگا، حکمرانوں کا دفاع کرنے والوں نے بھی متبادل کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران کیا۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ پانا مہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے تشکیل دی ہے، اپنے محکموں سے غافل پٹواری درباری وزراء ارادی طور پر جے آئی ٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، انکا اصل ہدف سپریم کورٹ کے جج ہیں، قوم حکمرانوں کی مکار یوں سے مکمل آگاہ ہیں ، پٹواری لیگ زرا ہلچل کر کے تو دکھائیں پتہ چل جائیگا قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پانا مہ شریف کو اپنا جھنڈا اٹھانے والا دور بین سے بھی نظر نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے ساتھ ہی ملزم ’’ مجرم ‘‘ بن جائیگا اور پھر فرد جرم لگے گی اور کسی کی سیاسی شہید ہونے کی ساری خواہشات دفن ہو جائیں گی، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے جے آئی ٹی کو متنازع بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اداروں کیخلاف گھناؤنا کھیل کھیلنے والے ’’ شریف حکمران‘‘ پا نا مہ سے کسی صورت نہیں بچ سکتے، انکی چور مچائے شور والی پالیسی بھی ناکام ہو گئی، وقت آ گیا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت نافذ کر کے مایوس عوام کو امید دلائی جائے۔

مزید : صفحہ آخر