سکم سیکٹر پر چین اور بھارت کی فوجیں مورچہ بند ہو گئیں ، ہزاروں فوجی تعینات

سکم سیکٹر پر چین اور بھارت کی فوجیں مورچہ بند ہو گئیں ، ہزاروں فوجی تعینات

  



نئی د ہلی (آن لائن)چین اور بھارت نے شدید کشیدگی کی وجہ سے سکم سیکٹر میں سرحد پر ہزاروں فوجی تعینات کردئیے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور چین میں کئی دہائیوں کی سب سے بدترین محاذ آرائی جاری ہے۔ دونوں ممالک کی افواج نے اپنے تین تین ہزار فوجی سرحد پر تعینات کردیے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے سرحد کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا ۔ دونوں افواج مورچے بنا کر اپنی اپنی پوزیشنز مضبوط کررہی ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں پہلے بھی دونوں فوجوں میں کشیدگی چلتی رہی ہے لیکن موجودہ محاذ آرائی انتہائی سنگین حد تک پہنچ چکی ہے جو کسی بھی وقت بڑی جھڑپ میں بدل سکتی ہے۔چینی وزارت خارجہ نے بھارتی فوج پر سکم سیکٹر میں دراندازی کا الزام لگاتے ہوئے ڈوکلام کے علاقے سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چینی وزرات خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے بھارت سے بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور بھی دیتے ہوئے کہا کہ ڈوکلام غیرمتنازع طور پر چینی علاقہ ہے بھارت اپنی فوج واپس بلائے۔

چین ۔ بھارت

۔

مزید : صفحہ اول