پنجاب کی پہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کو حتمی شکل دینے کیلئے چائنیز یونیورسٹی کا وفد 4جولائی کو لاہور پہنچے گا
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) صوبہ پنجاب کی پہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کو حتمی شکل دینے کے لئے چائنیز یونیورسٹی کے وفد کا دورہ پاکستان کا شیڈول فائنل ہو گیا۔چھ رکنی وفد چار جولائی کو لاہور پہنچے گا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے طلباء کو فنی تعلیم کی فراہمی کے لئے چین کے تعاون سے صوبہ پنجاب میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے ۔اس ضمن میں چائنیز یونیورسٹی کے وفد کا دورہ پاکستان کا شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق چائنیز یونیورسٹی کا وفدچار جولائی کو لاہور پہنچے گا جہاں وہ پہلے روز صوبائی وزیر انڈسٹریز شیخ علاواین اور چیرمین ٹیوٹا سے ملاقات کرے گا اور ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے انتظامات کس جائزہ لیا جائے گا ۔بعد ازاں وفد کو پہلے روز ٹیوٹا کے اداروں کا دورہ بھی کروایا جائے گا۔ دوسرے روز وفد کی محکمہ سکول ایجوکیشن کے افسران سے ملاقات کے ساتھ یو ای ٹی کا دورہ کروایا جائے گا جبکہ تیسرے اور آخری روز وفد کی ملاقات وزیر اعلی پنجاب سے کروائی جائے گی جہاں ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔