کرپشن کی روک تھام اور لوٹی گئی رقم کی وصولی اولین ترجیح ہے: چیئرمین نیب

کرپشن کی روک تھام اور لوٹی گئی رقم کی وصولی اولین ترجیح ہے: چیئرمین نیب

  



اسلام آباد (این این آئی)نیب کے چیئر مین قمر زمان چوہدری نے واضح کیا ہے کہ بدعنوانی کی روک تھام اور لوٹی گئی رقم کی وصولی نیب کی اولین ترجیح ہے ٗ نیب افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ان کو پیشہ وارانہ کورسز اور ٹریننگ پر بھیجا جا رہا ہے۔وہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں آپریشن ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی کی روک تھام اور لوٹی گئی رقم کی وصولی کو اولین ترجیح دیتا ہے تاکہ وصول کی گئی رقم قومی خزانہ میں جمع کرائی جا سکے، نیب افسران اس رقم میں سے کچھ بھی نہیں لیتے، نیب تمام رقم قومی خزانہ میں جمع کراتا ہے کیونکہ نیب افسران اس عزم کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں کہ بلاامتیاز زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء نیب کی بحالی کا سال تھا، نیب کی موجودہ انتظامیہ نے نیب کی کارکردگی میں بہتری کیلئے نئی اصلاحات وضع کی ہیں، ادارہ کے سٹرکچر اور آپریشن کی خامیوں کے جامع تجزیہ کے بعد اصلاحاتی اور تشکیل نو کا پروگرام شروع کیا گیا جس سے ادارہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس میں شفافیت، پیشہ واریت کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم معیاری کام کے طریقہ کار پر نظرثانی، فرائض کے بیانیہ کی وضاحت، انکوائری اور انوسٹی گیشن کو بروقت مکمل کرنے کیلئے نظام الاوقات کا تعین، استعداد کار میں اضافہ کیلئے تربیتی پروگرام جیسے اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، تعمیری تجزیہ کا نظام، جزوی مقداری گریڈنگ نظام اور ادارہ جاتی احتساب کے نظام سے نیب کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

مزید : صفحہ آخر