نفرتوں کی سیاست کودفن کرکے محبت کا چلن عام کریں گے،اسد اللہ بھٹو

نفرتوں کی سیاست کودفن کرکے محبت کا چلن عام کریں گے،اسد اللہ بھٹو

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ نفرتوں کی سیاست کودفن کرکے محبت کا چلن عام کریں گے ،عوام بدعنوان حکمرانوں سے بیزارآچکے ہیں،عوام آئندہ انتخابات میں شعوروآگہی کی بنیاد پر صالح قیادت کومنتخب کریں۔ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈرسیدصلاح الدین پر پابندی کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،حکمران اپنی بدعنوانی چھپانے میں مصروف ہیں۔دشمن نے چاروں طر ف سے امت مسلمہ کوگھیرنے کی کوشش کی ہے ۔ ناپاک عزائم اور اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکام بنادیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مسکن چورنگی پرمقامی شادی ہال میں جماعت اسلامی یونیورسٹیز زون کے تحت روایتی عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عید ملن کی تقریب سے نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹراسامہ رضی ،قائم مقام امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی سید افتخاراحمد ،امیرزون مظفراقبال ، معروف شاعر پروفیسر عنایت اللہ خان ،امین صدیقی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ پروفیسر عنایت علی خان نے طنزومزاح سے بھرپور کلام اورموجودہ حالات سے متعلق شعرسناکر حاضرین کے دل موہ لیے ۔ اس موقع پر قیم جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر،نائب امیرضلع مرتضیٰ غوری ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ عید اخلاص وایثار اورباہمی رواداری کا نام ہے ،یہی پیغام گھرگھر عام کرنے کی ضرورت ہے۔کٹھن حالات میں بھی اپنے فریضے سے دستبردارنہیں ہوں گے ،نیکیوں کا پرچار اور برائی کا سدباب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے قیام اور دین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں نافذ کرنے کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ امریکا اوربھارت ہٹ دھرمی پراترآئے ہیں ،عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کوعید کی خوشیوں میں یادرکھیں۔حکمرانوں کوحالات کا پتہ ہے نہ معاملات کوسمجھ رہے ہیں،عوام کواندھیروں میں رکھ کر دشمن سے ساز باز قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم حق وسچ کی آواز کودبا نہیں سکتے ،کرپٹ حکمرانوں وسیاستدانوں نے عوام کوبے وقوف بنایا ،اپنی کرپشن کوچھپانے کے لیے مصروف عمل حکمران قوم وملت سے مخلص نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ آمر مشرف نے عوام کواندھیروں میں رکھ کر ملک دشمن عناصر کے ساتھ ملکر قوم کوگمراہ کیا۔امریکا کوخوش کرکے افغانستان پر حملے میں مدد کی ۔ ملک کا خزانہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے ۔زرداری ،بے نظیر بھٹو ،نواز شریف اورمشرف کی غلط پالیسیوں کومسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے عوام کو چوروں ،ڈاکوؤں ،بدعنوانوں کی شرارتوں سے آگاہ کیا ۔آئندہ انتخابات میں بھرپورکامیابی حاصل کریں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...