سرکاری سکولوں میں قرآن پاک کو ناظرے میں پڑھنے کو لازمی قرار دیا گیا : محمود خان

سرکاری سکولوں میں قرآن پاک کو ناظرے میں پڑھنے کو لازمی قرار دیا گیا : محمود ...

  



مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخو ا کے وزیرکھیل ‘ثقافت‘اثارقدیمہ و امورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سرکاری سکولوں میں قرآن پاک کو ناظرے پر پڑھنے کولازمی قرار دے دیا۔ جو کہ ماضی میں اسلام کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی بلکہ ووٹ حاصل کرکے ائرکنڈیشن گاڑیوں کے مزے لیتے رہے۔محمود خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ تھانے میں غریب آدمی کی بے عزتی نہیں ہوتی سرکاری بھرتیاں بکنے کے بجائے اب میرٹ اور اہلیت کے بنیاد پرہوتے ہیں اگر کسی نے ثابت کر دیا کہ رشوت لیکر کسی سرکاری افسر‘پٹواری یاتھانیدار کا تبادلہ یا کوئی بھرتی کی ہے تو اسی دن سیاست سے دست بردار ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع آغل یونین کونسل برتھانہ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر عبد اللہ‘جنرل کونسلر انعام اللہ ‘ثناء اللہ خان‘شمشیر علی خان‘کریم الرحمان‘باچا محمد‘شہزادہ‘میاں گل جان‘حسن خان نے اپنے ساتھیوں وخاندان سمیت مسلم لیگ(ن) سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ محمود خان نے نئے شامل ہونے والے کارکنا ن کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ علاقے میں عوامی مسائل کے حل اور پی ٹی آئی کو مظبوط بنانے میں اہم کردار اداکریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سب لوگ برابر ہیں اور اب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ خان خوانین غریب عوام کو اپنا غلام سمجھتے تھے اب لوگ آزاد ہیں اوراپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کی بجائے اب تمام ترقیاتی منصوبے میرٹ کی بنیاد پر ہو رہی ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں حقدار کو اس کا حق مل رہا ہے۔محمود خان کا کہنا تھا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ قومی خزانے کے اربوں اورکروڑوں روپے لوٹنے والے مفاد پرست سیاستدان ایک بار پھر عوام کے سامنے آکرجھوٹے وعدے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خود کو پختون کہنے والے ایک سیاسی جماعت کے رہنما کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے جوانوں کو سیاست نہیں آتی تو اس حوالے سے میرا کہنا ہے کہ ہاں ہمیں ان کی طرح نوکریاں ٹھیکے بیجنے پولیس اور پٹواریوں سے ماہواریاں لینے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پوسٹنگ ‘ٹرانسفرز کا جمعہ بازار لگانے کی سیاست ضرور ہمیں نہیں آتی۔ہم پر الزام لگانے والوں نے پائپوں تک کی عوامی سکیمیں فروخت کئے۔ انہوں نے کہ پاکستان تحریک انصاف کے جوان حق اورسچ کی سیاست جانتے ہیں جبکہ یہ نام ونہادمسترد شدہ سیاسی پنڈت صرف اور صرف لوٹ مار اور جیبیں بھرنے کو سیاست کہتے ہیں۔شمولیتی تقریب میں ضلعی کونسلررشید عالم خان ٹانگار‘فتح خان‘کونسلرانعام اللہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول