کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن ،110 مشتبہ گرفتار

کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن ،110 مشتبہ گرفتار

  



کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ میں جرائم پیشہ افرادکے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مطلوب اشتہاریوں،منشیات فروشوں اور سود خوروں سمیت 110مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی براہ راست نگرانی میں عیدالفطر کے موقع پر شہر بھر میں امن وامان برقرار رکھنے اور مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل افراد سے نہایت ہی سختی سے نمٹنے کیلئے پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیوں اور مصروف شاہراہوں پر چیکنگ کے دوران تین مطلوب اشتہاری مجرمان سہیل سکنہ ڈھوڈہ ،امجد اور رحمان ساکنان توغبالا کو گرفتار کرلیا ۔کاروائی میں تھانہ محمد ریاض شہید پولیس نے تین منشیات فروشوں لقمان الدین ،احمد شاہ اور طاہر ساکنان توغبالا کو بھی حراست میں لے لیاجبکہ سٹی پولیس نے سودی کاروبار سے منسلک ملزم شاہد محمود ولد عبدالرؤف ساکن گڑھی رؤف خان کو گرفتار کرکے اسکے خلاف سود خوری کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا۔دریں اثناء پولیس نے مختلف مقامات پر کاروائیوں میں110مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا ۔پولیس کریک ڈاؤن کے دوران پکڑے گئے متعدد افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و منشیات بھی برآمد کرلیا گیا ہے جسمیں پانچ کلاشنکوف،سات بندوق،پانچ رائفل،چار ریپیٹر،بیس پستول،ہزاروں کی تعداد میں مختلف بور کے کارتوس اور سولہ کلوگرام چرس شامل ہیں۔علاوہ ازیں پولیس نے عید الفطر کے ایام میں کرایہ کے گھروں میں مقیم افراد کے کوائف چیک کرتے ہوئے مقامی تھانے سے رجسٹریشن کئے بغیر رہائش پزیر تیرہ افراد کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات در ج کرلئے گئے ہیں جبکہ شہر میں واقع ہوٹلوں و سرایوں،ہاسٹلوں اور رہائشی پلازوں کے حفاظتی انتظامات چیک کئے گئے اور سیکیورٹی کے مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے ان مقامات کے مالکان کو تنبیہی نوٹس جاری کردئیے گئے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...