کوہاٹ ،بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ ہولڈرز کو لوٹنے والے 2 دغہ باز گرفتار

کوہاٹ ،بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ ہولڈرز کو لوٹنے والے 2 دغہ باز گرفتار

  



کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ ہولڈرز کو لوٹنے والے دو دغہ بازوں کو گرفتار کرلیا ہے۔کاروائی عوامی شکایات پر عمل میں لائی گئی اور زیر حراست ملزمان کے خلاف تھانہ چھاؤنی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے علاقہ چمبئی کے رہائشی حسن محمود کی رپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے تھانہ چھاؤنی پولیس نے اچانک چھاپہ مار کر دھوکہ دہی سے سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے دو ملزمان نہال ولد عنایت اللہ اور رفیع اللہ ولد صفی اللہ ساکنان جنگل خیل کو گرفتار کرلیا اور انکے قبضے سے لوٹی ہوئی مجموعی طور پر 33ہزار روپے کی نقدی برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہر کے بنکوں میں سادہ لوح لوگوں کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے دھوکہ دہی سے رقم نکالنے کی وارداتیں برپا کرکے روپوش ہوجاتے اوریوں ملزمان متعدد افراد کے بنک اکاؤنٹس سے ہزاروں روپے نکالنے کے مرتکب قرارپائے ہیں۔پولیس ذرائع کے بقول ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ کسی بھی بنک کے اے ٹی ایم مشین پر اکٹھے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اکاؤنٹ ہولڈرز سے انکا اے ٹی ایم کارڈ وصول کرکے رقم نکالنے کے دوران ہاتھ کی صفائی سے مخصوص طریقے کے مطابق انکے اکاؤنٹ سے رقم نکال کر فرار ہوجاتے جبکہ مختلف مقامات پر وارداتوں کے دوران ملزمان زیادہ تر اے ٹی ایم کارڈ کے استعمال سے لاعلم اور سادہ لوح لوگوں کو دھوکے کی جال میں پھنساکر پیسے لوٹنے کا ارتکاب جرم کرچکے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جنہیں مزید جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...