بارشوں کی تباہی سے بچنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں‘ لاہور چیمبر

بارشوں کی تباہی سے بچنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں‘ لاہور ...

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے پنجاب و ضلعی حکومت پر زور دیا ہے کہ صنعت و تجارت اور عوام کو بارشوں کی تباہی سے بچانے کے لیے نکاسی آب کا نظام اور مطلوبہ آلات جنگی بنیادوں پر اپ گریڈ کیے جائیں ۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پرانا سسٹم بھاری بارشوں کا بوجھ اٹھانے کے لائق نہیں، ہر سال مون سون کے سیزن میں صنعتکاروں اور تاجروں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے کیونکہ بارش کا پانی انڈسٹریل یونٹس، گوداموں، دکانوں اور دفاتر میں داخل ہوکر بْری طرح تباہی مچاتا اور تیار مصنوعات، خام مال، مشینری اور فرنیچر کو خراب کرکے اربوں روپے کے نقصان کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبے کو پہلے ہی بہت سے مسائل کا سامنا ہے لہذا یہ بارشی پانی کی وجہ سے بھاری نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

، حالیہ بارشوں نے بہترین سیوریج سسٹم اور آلات کی ضرورت کو بھرپور طریقے سے اْجاگر کردیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ جدید ترین ڈرین سسٹم قائم کرنے کے لیے یورپی ممالک کے تجربے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے تاکہ شدید بارشوں کی وجہ سے ہونے والی تباہی کی شدت کم سے کم کی جاسکے۔

مزید : کامرس