بالی وڈ میں ہراسگی سنگین مسئلہ، دپیکا نے سب کچھ بتا دیا

بالی وڈ میں ہراسگی سنگین مسئلہ، دپیکا نے سب کچھ بتا دیا
بالی وڈ میں ہراسگی سنگین مسئلہ، دپیکا نے سب کچھ بتا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون جو ان دنوں اپنی ممکنہ شادی کی وجہ سے خبروں میں ہیں، وہ ہمیشہ اپنے ساتھ ہونے والے واقعات پرکھل کر بات کرتی ہیں۔ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بھارتی فلم انڈسٹری میں خواتین کو ہراساں کیے جانے اور ڈپریشن جیسے مسائل سمیت دیگر مسائل پر بھی بات کی۔ انھوں نے کہا کہ انڈسٹری میں ہراسگی سنگین مسئلہ ہے۔ 3 سال قبل انہوں نے ایک تقریب میں انکشاف کیا تھا کہ کیریئر کی ابتداء میں انہیں انڈسٹری کے افراد نے چہرے کی پلاسٹک سرجری کا مشورہ دیا تھا،جو ان کے خیال میں سب سے بدترین تھا۔ اداکارہ نے اعتراف کیا تھا کہ انہیں سب سے بہترین مشورہ ان کے والد نے دیا تھا، جنہوں نے ان سے محبت اور لگن سے اداکاری کرتے رہنے کا مشورہ دیا تھا۔اس سے قبل 2014 میں اداکارہ نے ڈپریشن میں مبتلا ہونے سے متعلق اعتراف کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ دپیکا پڈوکون نے 2014 میں اعتراف کیا کہ وہ ڈپریشن یعنی ذہنی پریشانی اور الجھن میں مبتلا ہیں، جس وجہ سے انہیں متعدد برے خیالات آتے ہیں۔ بعد ازاں اداکارہ نے 2015 میں ڈپریشن میں مبتلا افراد کے لیے فلاحی ادارہ ’ لائف، لو فاؤنڈیشن‘ بھی کھولا تھا،جو تاحال بھارت بھر میں ڈپریشن میں مبتلا افراد کے لیے کام کر رہا ہے۔اب اداکارہ نے ایک اور انکشاف کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا ہے۔ دپیکا پڈوکون نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں کیریئر کے ابتدائی دور میں چھاتی کی سرجری کرانے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ اداکارہ نے انٹرویو میں یہ نہیں بتایا کہ انہیں یہ مشورہ کس نے دیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ انہیں کہا گیا کہ بالی وڈ پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان میں نسوانی خوبصورتی نمایاں ہو۔دپیکا پڈوکون کے مطابق انہیں اس طرح کے اور بھی مشورے دیے گئے اور انہیں یقین دلایا گیا کہ ایسا کرنے سے انہیں جلد فلمی دنیا میں کامیابی ملے گی۔
بالی وڈ کی ’پدماوت‘ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی مشورے ملنے کے باوجود کسی بھی مشورے پر عمل نہیں کیا اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں پر اکتفا کیا۔اداکارہ نے کیریئر کے آغاز میں خود کو سرجری کے ملنے والے مشورے کو جنسیت اور ہراساں کرنے سے تشبیح دیتے ہوئے کہا کہ اب بولی وڈ میں بھی صورتحال تبدیل ہو رہی ہے۔ دپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کی اداکارائیں بھی ہالی وڈ کی اداکاراؤں کی طرح خود سے ہونے والی ناانصافی پر بات کرنے لگی ہیں اور یہ قدم مثبت تبدیلی کی جانب پیش قدمی ہے۔ اپنے انٹرویو میں اداکارہ نے ڈپریشن اور اس میں مبتلا افراد کی جانب سے خودکشیوں کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ بالی وڈ میں ہراسگی سنگین مسئلہ ہے، ہراسگی کے شکار بہت سارے لوگ انتہائی سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوجاتے ہیں جس میں خودکشی بھی شامل ہے۔ اداکارہ نے انٹرویو میں اپنے کیریئر، فلم انڈسٹری میں خواتین کو ہراساں کیے جانے اور ڈپریشن جیسے مسائل سمیت دیگر مسائل پر بھی بات کی۔

مزید :

کلچر -