پنجاب بھر میں ٹیوب ویلز کا انرجی آڈٹ جاری ہے،واصف خورشید

پنجاب بھر میں ٹیوب ویلز کا انرجی آڈٹ جاری ہے،واصف خورشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر)سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشیدنے کہا ہے کہ توانائی کے غیر ضروری ضیاع کو کم کرنے کیلئے صوبہ بھرمیں ٹیوب ویلزکا انرجی آڈٹ کیا جا رہا ہے .زرعی ٹیوب ویل کے انرجی آڈٹ کے سلسلہ میں دئیے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائیگا کیونکہ توانائی کا غیر ضروری ضیاع نہ صرف کسان کا انفرادی نقصان ہے بلکہ قومی خزانے پر بھی بہت بڑا بوجھ ہے۔ پنجاب میں ٹیوب ویلز کی تعداد ایک ملین سے زیادہ ہے جس میں سے 1لاکھ 20ہزار کے قریب بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلز ہیں۔ چونکہ فصلوں کی مطلوبہ ضرورت کے پیش نظر دستیاب نہری پانی بہت کم ہے اس کمی کو پورا کرنے کے لئے بارش کے علاوہ بڑا ذریعہ زیر زمین قدرتی پانی ہے جسے ٹیوب ویلوں کی مدد سے نکالاجاتا ہے۔ دستیاب آبپاشی وسائل یعنی نہری نظام، بارشیں اور ٹیوب ویل آپریشن کے باوجود کاشتکاری کیلئے تقریباً 30 فیصد پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ توانائی کے غیر ضروری ضیاع کو کم کرنے کیلئے شعبہ زرعی انجینئرنگ کو ٹیوب ویلز کے انرجی آڈٹ کا ٹاسک سونپا گیا ہے جس کے تحت اسسٹنٹ ایگریکلچر انجینئر (ویل ڈرلنگ) کی سرپرستی میں ماہانہ ہر ضلع میں کم سے کم 15 عدد ٹیوب ویلز کا معائنہ اور انرجی آڈٹ بلا معاوضہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق اس وقت 30فیصد توانائی ٹیوب ویل چلانے میں ضائع ہورہی ہے جو کسان کی لاعلمی کی وجہ سے یہ ایک بہت بڑا قومی نقصان ہے جس کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید ٹیکنیکل آلات سے ٹیوب ویل کا معائنہ اور انجینئرز کی ماہرانہ رائے کے ذریعے اس قومی نقصان میں خاطر خواہ کمی لائی جارہی ہے۔