برادری ازم اور پیسے سے تبدیلی نہیں آئے گی ، حالات بدلنا ہوں گے ، ہارون خواجہ
لاہور( سٹی رپورٹر) پاکستان فریڈم موومنٹ کے چیئرمین اور حلقہ این اے130و پی پی159سے امیدوار ہارون خواجہ نے کہا ہے کہ برادری ازم ، پیسے اور وراثتی ووٹوں سے تبدیلی نہیں آئیں گی ،حالات بدلنا ہوں گے اور اس کیلئے ہر شہری کو اپنی اپنی جگہ کردار ادا کرنا ہو گا، 70برس بعد بھی نظام نہ بدلا تو صرف ووٹ دینا بے مقصد ہوگا جس سے چہرے بھی تبدیل نہیں ہونگے ۔ ہارون خواجہ نے مختلف جگہوں پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے اہم سیاسی جماعتوں نے حیلے بہانوں سے انہی چند خاندانوں اور چہروں کا انتخاب کیا ہے جو پارٹیاں بدلنے اور کسی نہ کسی نئے نعرے پر اقتدار کے ایوانوں میں رہنے کا ہنر جانتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان فریڈم موومنٹ سیاسی شعور کی بیدار ی چاہتی ہے جو شرح تعلیم میں اضافے کے بغیر ممکن نہیں ،دو داراز کے کسی دیہی علاقے اور لاہور کے شہری کے ووٹ کو برابر قرار دینا درست نہیں اسی طرح ہمیں متناسب نمائندگی کے نظام پر بھی غور کرنا ہوگا ، ہارون خواجہ کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی نے اپنی بساط سے بڑھ کر سیاسی جدوجہد کرتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لیا ہے اور انشاء اللہ25جولائی کے بعد بھی ہم اپنی مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے ، ہارون خواجہ نے کہا کہ اُن کی پارٹی نے پنجاب ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ایسے پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا ہے جن پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزادانہ اپنی رائے کا اظہار کریں اور با کردار اور شفاف ریکارڈ کے حامل پاکستان فریڈ م موومنٹ کے امیدواروں کو ووٹ دیں ۔ہارون خواجہ نے این اے130اور پی پی159کے مختلف علاقوں کے انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا ،لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور ڈور ٹو ڈور کنویسنگ میں بھی حصہ لیا۔