میسی اور رونالڈو کا جادو نہ چلا ، فرانس ، یوروگوئے کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا ،پرتگال باہر

میسی اور رونالڈو کا جادو نہ چلا ، فرانس ، یوروگوئے کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا ...

ماسکو (نیٹ نیوز) فرانس اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، فرانس نے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کو انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 4-3 گولز سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، سٹار فٹ بالر لائنل میسی جادو چلانے میں ناکام رہے البتہ 19 سالہ فرانسیسی کھلاڑی کیلین مباپے نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے یکے بعد دیگرے دو گولز کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو پہلے پری کوارٹر فائنل میں فرانس نے ارجنٹینا کو 3 کے مقابلے میں 4 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، میچ کے 13ویں منٹ میں فرانس کے گرائزمین نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی، 41ویں منٹس میں ارجنٹینا کے ڈی ماریا نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ 53 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے مرسیڈو نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 57ویں منٹ میں فرانس کے پاورڈ نے مقابلہ2-2 کر دیا، اس کے بعد فرانس کے کیلین مباپے نے یکے بعد دیگرے 2 گول کر ٹیم کی برتری 4-2 کر دی ، 90 پلس منٹ میں ارجنٹینا کے ایگوئرو نے گول کر کے مقابلہ 4-3 کر دیا، میچ کے آخری سیکنڈ میں ارجنٹائن نے میچ برابر کرنے کا موقع گنوا دیا۔دوسرے ناک آؤٹ میچ میں یوروگوئے نے کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو 1۔2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ 7 ویں منٹ میں یوروگوئے کے کاوانی گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔دوسرے ہاف میں پرتگال کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 55 ویں منٹ میں پے پے نے گول کرکے مقابلہ 1۔1 کردیا۔تاہم 62 ویں منٹ میں کاوانی نے ایک بار پھر شاندار گول کرکے ٹیم کی برتری 1۔2 کردی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی اور یوروگوئے نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔کوارٹر فائنل میں یوروگوئے کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔

فٹبال ورلڈ کپ میں اب دنیائے فٹبال کے دو عظیم کھلاڑی رونالڈو اور میسی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیوں کہ ان کی ٹیمیں باہر ہوچکی ہیں۔شائقین فٹبال کے لیے پرتگال کی شکست انتہائی حیران کن ہے کیوں کہ پرتگال ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی