سہ فریقی ٹی 20 :نمبر ون پاکستان کا آج زمبابوے سے افتتاحی ٹاکرا

سہ فریقی ٹی 20 :نمبر ون پاکستان کا آج زمبابوے سے افتتاحی ٹاکرا

ہرارے (نیٹ نیوز ) زمبابوے میں شیڈول سہ فریقی ٹی20 سیریز کا آغا زآج سے ہوگا،پاکستان کاآج میزبان زمبابوے سے مقابلہ ہوگا۔گزشتہ روز پریکٹس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی20 کرکٹ میں کوئی ٹیم بھی فیورٹ نہیں ہوتی، ہم زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے سہ ملکی سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ بیرون ملک کھیلنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، ٹاس بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔ایونٹ کے افتتاحی میچ کے حوالے سے سرفراز نے کہا کہ سیریز کا ہر میچ اہم ہے لیکن پہلا میچ زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے، ہم پوری کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور امید ہے کہ ہم میچ جیتنے میں کامیاب رہیں گے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ رینکنگ یقیناً بہت اہم ہے لیکن ہم اس بارے میں نہیں سوچ رہے۔ جب مجھے کپتان بنایا گیا تو ہماری ٹیم ساتویں نمبر پر تھی لیکن ہم نے اس وقت یہ نہیں سوچا تھا کہ ہم عالمی نمبر ایک بنیں گے البتہ ہم نے یہ ضرور سوچا تھا کہ ہم بہتر سے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

یہاں ہماری واحد ترجیح اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے سہ ملکی سیریز جیتنا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی