سیاستدانوں میں کون کتنا پڑھا لکھا اور کس پیشے سے وابستہ؟

سیاستدانوں میں کون کتنا پڑھا لکھا اور کس پیشے سے وابستہ؟

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے سیاستدانوں میں سے کون کتنا پڑھا لکھا ہے اور کس کا پیشہ کیا ہے،انتخابات 2018 کیلئے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں تفصیلات سامنے آگئیں۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بی اے کر رکھا ہے اور ان کا پیشہ سیاست اور کاروبار ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی گرایجویٹ ہیں اور انہوں نے اپنا پیشہ فلنتھراپسٹ (فلاحی/سماجی خدمات انجام دینے والا)، موٹیویشنل سپیکر اور پارلیمنٹیرین بتا رکھا ہے۔پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کے سربراہ آصف علی زرداری نے کاغذات نامزدگی میں اپنی تعلیمی قابلیت ڈپلومہ بتائی ہے، مگر اس ڈپلومے کی کوئی تفصیل نہیں بتائی جبکہ ان کا پیشہ زراعت اور کاروبار ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے 2010 میں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے تاریخ اور سیاست میں ماسڑز کیا۔سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے اپنی تعلیمی قابلیت ایم ایس سی بتائی ہے جبکہ ان کا پیشہ فری لانس لیکچررز ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میٹرک کر رکھا ہے اور ان کا پیشہ مذہبی درس و تدریس ہے۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ایم اے کر رکھا ہے۔قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ گریجویٹ اور لینڈ لارڈ ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی اے کے سربراہ اسفند یار ولی نے بی کام کر رکھا ہے اور انہوں نے اپنا پیشہ لینڈ لارڈ اور سیاست بتایا ہے۔سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک میٹرک پاس اور بزنس مین ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ایم اے ایل ایل بی ہیں اور ان کا پیشہ بزنس ہے۔پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی تعلیمی قابلیت ایم بی اے ہے جبکہ ان کا پیشہ بزنس کنسلٹنٹ ہے۔لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے انگریزی میں ایم اے کر رکھا ہے۔

سیاستدان/تعلیم/پیشہ

مزید : علاقائی