ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت عذاب سے گزرا ، نواز شریف رنگے ہاتھوں پکڑے گئے کوئی اور ہوتا تو اڈیالہ جیل جاتا ، عمران خان

ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت عذاب سے گزرا ، نواز شریف رنگے ہاتھوں پکڑے گئے کوئی اور ...

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت ایک عذا ب سے گزرا ہوں۔گزشتہ روزاسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت میں ایک عذاب سے گزرا ہوں کیونکہ ہزاروں امیدوار تھے لیکن ٹکٹ کسی ایک کو دینا تھا جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر ٹکٹ دینا ایک بہت بڑا مسئلہ تھا کیو نکہ ہمیں ایسی خواتین کو ٹکٹ دینا تھا جو قانون جانتی ہوں تاکہ وہ اسمبلی میں پارٹی کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرسکیں۔ مخالفین نے میرے اوپر 32 مقدمات بنوائے جبکہ اوروں کیساتھ پتہ نہیں کیا کرتے ہونگے حالانکہ شریف فیملی پانامالیکس میں رنگوں ہاتھوں پکڑی گئی اس کے باو جو د یہ لوگ ملک بھر میں رو رہے ہیں،جیلوں میں قید آدھے لوگوں کا تو جرم صرف یہ ہے وہ غریب ہیں، شریفوں کے پا س دولت اور طاقت بھی ہے، کوئی کمزور آدمی ہوتا ہو اڈیالہ میں پڑا ہوتا۔ موٹر وے بنا لیکن دگنی قیمت پر، آدھا پیسہ یہ لوگ کھا گئے، لندن جائیداد کے علاوہ بھی شریف خاندان کی مزید جائیدادیں سامنے آگئی ہیں، شریف خاندان کا کوئی ایک فرد بھی پاکستان میں علاج نہیں کراتا اور آصف زرداری بھی جہاز پکڑ کر بیر و ن ملک علاج کرانے چلے جاتے ہیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری نے قرضوں کی انتہا کردی، گزشتہ 10 سالوں کے دوران 6 ہزار ار ب سے 27 ہزار ارب قرضہ چڑھ گیا ہمارے پاس کون سا اثاثہ ہے جس سے قرضہ اتاریں گے، جب آصف زرداری اور نوا ز شر یف آئے تھے تو ڈالر60 روپے تھا لیکن آج 124 روپے کا ہے، کرپشن تب ختم ہوگی جب وزیراعظم اور وزراء کرپشن نہ کریں۔ اب عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے اور انشاء اللہ میں اس ملک سے ڈبل ٹیکس اکٹھا کرکے دکھاؤں گا جبکہ نیب اور ایف بی آر جیسے اداروں کو بہتر کریں گے،انکا مزید کہنا تھا پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بیگم نے مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا۔ مقابلے کا پہلا اصول یہ ہے مخالف امیدوار کو کبھی کمزور نہ سمجھا جائے لیکن آج ہماری جتنی تیاری ہے پہلے کبھی نہیں تھی، 4000 لوگوں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا لیکن ابھی تک صرف 650 لوگو ں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔پارٹی ٹکٹوں کے معاملے پر بیگم نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا، کئی اچھے امیدوار تھے مگر کسی ایک کو ٹکٹ دینا تھا۔ ٹکٹ دینے میں بڑے عذاب سے گزرا، کبھی ایسے عذاب سے نہیں گزرا، خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کے ٹکٹ جتنا بڑا عذاب تھا میں دوبارہ اس میں نہیں پڑناچاہتا، آئندہ پارٹی الیکشن لڑ کر آنیوالی خواتین کو مخصوص نشستوں کا ٹکٹ دیں گے۔جب پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو نظریاتی کارکنوں کو ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، ہمیں ان خواتین کو بھی ٹکٹ دینا تھا جو قانون جانتی ہوں اور اسمبلی میں پارٹی کی نمائندگی کر سکیں۔ الیکشن کے بعد پارٹی میں بھی الیکشن کرائیں گے۔ شریفوں اور زرداری کے کاروبار باہر ہیں، ان لوگوں کا علاج بھی باہر ہوتا ہے، جب زرداری اور نواز شریف آئے تو ڈالر 60 روپے کا تھا، اس وقت ڈالر 125 روپے کا ہو گیا ہے۔ آصف زرداری اور نواز شر یف کے 10 سالہ دور میں قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھ گیا، ان دونوں نے ملک کو مقروض کر کے رکھ دیا گیا، مجھے بتائیں یہ 27 ہزار ارب روپے کا قرضہ کیسے اترے گا؟چیئرمین تحریک انصاف نے کہا جن کا جینا مرنا پاکستان کیلئے نہیں عوام ان کو ووٹ مت دیں بلکہ جب یہ لو گ ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے یہ سوال ضرور پوچھیں؟ ڈالر جب بڑھتا ہے تو روپے کی قیمت کم ہو جاتی ہے، اگر یہی پیسہ باہر بینکو ں میں ہوتا ہے تو یہ پیسہ بڑھتا جاتا ہے، ان لوگوں کا پیسہ تو باہر پڑا ہے جو بڑھ رہا ہے انہیں کیا تکلیف ہے۔ ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع آپہنچا ہے اللہ نے اقتدار میں آنے کا موقع دیا تو ملک کی تقدیر بدل کر دکھاؤں گا عوام ووٹ اس کو دیں جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اور انہیں مسترد کر دیں جن کا پیسہ جائیدادیں اور مفادات باہر ہیں ایسے لوگ ملک و قوم کیلئے مخلص نہیں جو قرضے لیکر پیسہ باہر لے گئے ہیں اور ملک کو مقروض کر گئے ہیں اقتدار ملا تو بڑی کرپشن پہلے ہی دن ختم کر دیں گے 23جولائی کو اسلام آباد میں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا جائے گا ۔ٹکٹوں کے معاملے پر کارکنوں کے احتجاج پر مجھے بھی افسوس ہوا ،کئی اچھے امیدوار بھی تھے جنہیں ٹکٹ نہیں ملی ، دھرنے میں خواتین نے جو کام کیا وہ بھول نہیں سکتا،ایک شخص اب تک مظلوم بنا چکر لگا رہا ہے۔ نواز شریف کی جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ اب تک اڈیالہ جیل میں ہوتا۔ باپ بیٹی روتے پھر رہے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ شریف خاندان کی چھٹیاں باہر گزرتی ہیں ان کا علاج باہر ہوتا ہے ادھر اسحاق ڈار ہے کہ باہر ایسے بستر پر پڑا ہوا ہے جیسے ابھی اللہ کو پیارا ہونیوالا ہے۔ پاکستان کے ہسپتال ان کے لائق نہیں تو ووٹ یہاں کیوں مانگتے ہیں۔ کراچی میں لوگوں کو پانی بھی خریدنا پڑتا ہے دو لاکھ بچے صاف پانی کی عدم فراہمی سے جاں بحق ہوئے ہیں جس پارٹی کے سربراہ کا جینا مرنا پاکستان میں نہیں اس کو ووٹ کبھی نہ دو۔ ملک میں درخت اگانے کی مہم چلائیں گے درخت لگائیں گے تو ملک سرسبز و شاداب ہو گا اور گرمی کی شدت کم ہو گی ، اقتدار کا موقع ملا تو اسی موسم برسات میں درخت لگانے کا کام شروع کریں گے آپ سب مہم کی تیاری کر لیں عمران خان نے کہا کہ 23جولائی میں اسلام آباد میں تاریخ کا ایک بڑا جلسہ کیا جائے گا۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول