کرنل(ر)اکرام اللہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،حسن عسکری

کرنل(ر)اکرام اللہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،حسن عسکری

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل فورم کے روح رواں، معروف دانشور اور کالم نگار کرنل(ر)اکرام اللہ کے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔نگران وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرنل(ر)اکرام اللہ اپنی ذات میں ایک فرد نہیں بلکہ جماعت تھے اوران کی سوچ اور فکر پاکستان کیلئے تھی۔ان کے انتقال سے اجتماعی کمی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کرنل(ر)اکرام اللہ کا خلا شاید کبھی پورا نہ ہو سکے گا۔روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر اور مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ کے خزانچی مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ کرنل (ر)اکرام اللہ نے بھرپور زندگی گزاری، سرکاری افسر، ادیب اور صحافی کے طور پر ہر شعبے میں ان کو مہارت اور دسترس حاصل تھی ۔مرحوم پاکستان نیشنل فورم کے روح رواں ، معروف دانشور اور کالم نگار ہونے کیساتھ ساتھ سچے اور محب وطن پاکستان تھے ۔وہ اپنی ذات میں انجمن تھے ، جو بھی بات کرتے یا لکھتے تھے اس میں استدلال ہوتا تھا ۔قومیت کا جذبہ مرحوم میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہواتھا۔انہوں نے جو کچھ لکھا وہ باقاعدہ ایک تاریخ ہے جسے پڑھنا نوجوان نسل کیلئے بالخصوص ضروری ہے ۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کرنل (ر) اکرام اللہ مرحوم کی خدمات پر کتاب لکھی جائے اور ان پر تحقیق بھی ہونی چاہیے ۔وہ ایک مثبت سوچ کے مالک تھے اورمیں ان کی آواز آج بھی محسوس کرتا ہوں ۔ کرنل(ر)اکرام اللہ کے صاحبزادے اسد خان نے کہاکہ ان کے والد نے زندگی میں ہر کام انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ کیا۔سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران نے اپنے خطاب میں کہاکہ کرنل(ر)اکرام اللہ پاکستان کی بہتری کی تڑپ رکھتے تھے، وہ پاکستان کے بارے میں انتہائی پر امید تھے۔معروف قانون دان ایس ایم ظفر نے کہاکہ کرنل(ر)اکرام اللہ ایک سکول سسٹم بھی چلاتے تھے جس میں غریبوں کے بچے بھی پڑھتے تھے۔ سابق سفارتکار شمشاداحمد خان نے کہاکہ کرنل(ر)اکرام اللہ کا یہ عمل تعمیر ملت کا عمل ہے اوران کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر کرنل(ر)اکرام اللہ کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔تعزیتی ریفرنس سے نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید ، جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر،سعید آسی ا ور رؤف طاہر نے بھی خطاب کیا۔نگران صوبائی وزیر خزانہ و قانون ضیاء حیدر رضوی اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

حسن عسکری

مزید : صفحہ اول