عوام سیاسی درندوں کی بجائے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں: سراج الحق

عوام سیاسی درندوں کی بجائے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں: سراج الحق

صفدرآباد(تحصیل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر کرپٹ اشرافیہ نے قبضہ کیاہوا ہے ۔ اس الیکشن میں کرپٹ اشرافیہ کی بجائے دیانتدار قیادت کو ووٹ دے کر اقتدار میں لائیں تاکہ ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صفدرآباد میں انتخابی جلسہ عام میں کیا، اس ملک پر کرپٹ اشرافیہ نے قبضہ جمارکھا ہے ۔اور وہ پارٹیاں بدل بدل کر اقتدار میں آجاتے ہیں ۔ ایسے سیاسی درندوں کو منتخب کرنے کی بجائے مخلص اور دیانتدار قیادت کو منتخب کرناہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ ایک قومی و دینی فریضہ ہے اب ملک کی عوام میں شعور بیدار ہوچکا ہے وہ بھی پرامن انقلاب چاہتے ہیں مگر انقلاب اسی صورت میں آسکتا ہے جب دیانتدار قیادت منتخب کی جائے گی۔ اس لئے باشعور عوام ووٹ کا درست استعمال کریں ۔ آج دیکھیں چائنا دنیا کی سپر طاقت بن چکا ہے مگر پاکستان اسی مقام پر کھڑا ہے جہاں 70سال پہلے تھا۔ جماعت اسلامی ایک دیانتدار جماعت ہے جس کا اعتراف سپریم کورٹ بھی کر چکی ہے ۔ عوام سے اپیل ہے کہ دیانتدار قیادت کو ووٹ دے کر اسمبلیوں میں پہنچائیں تب ہی ملک کی قسمت بدل سکتی ہے ۔جلسہ سے حلقہ NA122اورPP143 کے امیدوارخان سرفراز احمد خاں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے ۔ بجلی کی قیمتیں بڑھادی گئی ہیں۔ غریب آدمی غریب تر ہوتا جارہا ہے۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے باریاں باندھ کر ملک پر قبضہ جمارکھا ہے۔میری آپ سے اپیل ہے کہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے اور نظام مصطفی کے نفاذ کے لئے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔

مزید : صفحہ آخر