نواز شریف نے میرے ساتھ بیوفائی کی مگر عوام نہیں کرینگے :چودھری نثار

نواز شریف نے میرے ساتھ بیوفائی کی مگر عوام نہیں کرینگے :چودھری نثار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(جنرل رپورٹر) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آج نواز شریف نے چونتیس سال بعد مجھ سے بے وفائی کی ہے میں نے چونتیس سال اسکا ساتھ دیا مگر نواز شریف بھی دیکھے گا اور پورا پاکستان دیکھے گا کہ میرا حلقہ مجھ سے بے وفائی نہیں کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل سہال جھنڈو سیداں میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ میں ایک مرتبہ تھوک کر چاٹتا نہیں ہوں میں نے اپنے مخالف سے بھی کبھی زیادتی نہیں کی لیکن میں کسی کے پیچھے ہاتھ باندھ کر نہیں کھڑا ہو سکتا ۔میں خوشامد نہیں کر سکتا کاسا لیسی نہیں کر سکتا سر اٹھا کر ہمیشہ سیاست کی ہے میں عمران خان سے دونوں ٹکٹ لے لیتا مگر میں نے اپنے پاوں پر کھڑے ہونے کو ترجیح دی ۔میں نے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی جنگ لڑی۔ اور کامیابی ملی ۔ نثار صرف اللہ کا محتاج ہے اور اپنے علاقے اور قوم کا محتاج ہے ۔ہم نے سواں کا پانی پیا ہے ۔۔پوراپاکستان دیکھے گا کہ میرے حلقے کی صندوقچیوں سے کیا نکلے گا ۔ میرے حلقے کا کوئی ایسا گاوں نہیں جہاں بجلی نہ ہو یا سڑک نہ جاتی ہو ۔ آج میرے حلقے کے انسانوں تو دور کی بات گدھوں کے لیے بھی پکی سڑکیں ہیں ۔نہ سواں والوں کو پہلے کبھی شرمندہ کیا نہ آئندہ کروں گا ۔اگر میرا مخالف مجھ سے زیادہ ایماندار اور پڑھا لکھا ہے تو اسے ووٹ دے دینا لیکن یاد رکھنا ووٹ ایک امانت ہے ۔جیپ کے نشان پر مہر لگانا ۔ کل شیر کو اٹھانے والے آج جیپ کو سر پر اٹھائے پھر رہے ہیں میں ڈرنے والا نہیں اسی لیے چار سیٹوں سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔میرا ایک مخالف میٹرک فیل ہے اس کا چورن اس لیے بکتا ہے کہ وہ کہتا ہے کہ میں چوہدری نثار کا مخالف ہوں ۔اسی وجہ سے اسے وفاقی وزیر بھی بنایا گیا ۔ پچیس جولائی کو انشا اللہ فتح سواں کا پانی پینے والوں کی ہو گی ۔اس موقع پر انہوں نے میزبان چوہدری ظفر کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ دوستی کا حق ادا کیا ہے ۔میزبان جلسہ چوہدری ظفر اور حاجی ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری نثار علی خان حلقے کی عوام کے ہیرو ہیں اور ان شا اللہ پچیس جولائی کو بیلٹ بکسوں سے صرف اور صرف چوہدری نثار علی خان کی گونج ہی سنائی دے گی اور مخالفین منہ تکتے رہ جائیں گے