ہنگو ،ضلع ناظم انتخاب ،جے یو آئی کے اسد اسللہ وزیر بلا مقابلہ منتخب

ہنگو ،ضلع ناظم انتخاب ،جے یو آئی کے اسد اسللہ وزیر بلا مقابلہ منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ہنگو(بیورورپورٹ )ہنگو میں ضلع ناظم کے انتخاب،جے یوآئی کے اسداللہ وزیربلامقابلہ ضلع ناظم منتخب۔ پاکستان تحریک انصاف نے بھی اسد اللہ کی حمایت کی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روزڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ضلع کونسل کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت کنونیئر زیارت گل منعقد ہوا جس میں جمعیت علماء اسلام اور پی ٹی آئی ممبران سمیت ضلع کونسل اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران گزشتہ دو ہفتہ پہلے خالی ہونے والی ضلع ناظم کی نشست پر دوبارہ انتخاب کر تے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے ٹل اربن سے نوجوان ضلع کونسل ممبر اسد اللہ وزیر کو بلا مقابلہ ضلع ناظم منتخب کر لیا گیا۔ضلع ناظم کے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے بھی جمعیت علماء اسلام کے امیدوار کی حمایت کی۔ضلع ناظم اسد اللہ وزیر کو عبوری سیٹ اپ کے تحت ضلع ناظم منتخب کیا گیا جو کہ الیکشن کے بعد باضابطہ طور پر انتخابات یا رائے شماری کے زریعے دوسرے ضلع ناظم کا انتخاب کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈ ر اورپی ٹی آئی کے رہنماء نور آواز ایڈوکیٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی اتفاق و اتحاد سے علاقے کی مفاد کی خاطر حکومت کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب ضلع ناظم سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھی علاقائی مفادات کی خاطر ہر قسم کے اختلافات بالائے تاک رکھ کر علاقائی ترقی پر توجہ دیں گے۔ اس موقع پر ضلع ناظم اسد اللہ وزیر نے جمعیت علماء اسلام اور پی ٹی آئی سمیت تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور ایوان کو اتفاق کے ساتھ چلانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ یاد رہے کہ سابق ضلع ناظم ہنگو مفتی عبید اللہ نے ہنگو پی کے83سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے کے بعد مذکورہ نشست سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد ضلع ناظم کی نشست خالی ہو چکی تھی جس پرجمعہ کے روز اسد اللہ وزیر کو بلا مقابلہ ضلع ناظم منتخب کر لیا گیا۔