شہادت امام جعفر صادقؑ پر عالمی عشرہ صادقِ آل محمد ؐ کا آغاز

شہادت امام جعفر صادقؑ پر عالمی عشرہ صادقِ آل محمد ؐ کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر) قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق مطلعِ امامت کے چھٹے آفتاب حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کے سلسلے میں عشرہ صادق آلؑ محمدؐ کا آغاز ہوگیا ۔ اس موقع پر راولپنڈی ریجن میں مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا اور ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔راولپنڈی میں خانوادہ سید فدا حسین کاظمی کے زیر اہتمام جوار دربار سید لطف علی شاہ کاظمی المشہدی ویسٹریج میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ حضرت جعفر ابن محمد ؑ کی شہادت خلیفہ منصور کے زمانہ اقتدار میں ہوئی جب ہر طرف فتنہ و فساد اور ہنگاموں کی بہتات تھی ،نہ خون کا احترام تھا نہ دین و شریعت کی قدرو منزلت تھی ،نہ عوام پر عدل و انصاف کی حکومت تھی بلکہ جنگل کا قانون تھا ،ظالموں ،ستمگروں کے ہاتھوں عوام کی حیثیت ایک کھلونے سے زیادہ نہ تھی۔انہوں نے کہاکہ حضرت امام جعفر صادق ایسے حالات میں بھی دین و شریعت کی ترویج اور افکارِمحمدؐ ی و علوم مرتضوی کے فروغ کیلئے ہمہ تن مصروف رہے ، معصوم کا طرز عمل ستمگروں اور ظالموں کیلئے بہت سنگین تھا جس کی پاداش میں کئی بار خانہ معصوم پر حملہ ہوا ،آپ کو شہر بدر بھی کیا گیا آخر ماہ شوال 148ہجری میں آپ کو زہر دغا سے شہید کردیا گیا ،لیکن دنیائے ظلم و بربریت آپ کو نہ جھکا سکی اور نہ راہ حق سے ہٹا سکی ۔انہوں نے کہا کہ اسلام مشاہیر اسلام اور عالم اسلام ابلیسی قوتوں کا ٹارگٹ ہے لہذا ہمارا فرض ہے کہ اسلام اور بزرگان دین کی عزت و حرمت کو اجاگر کریں اور اپنے عمل سے ثابت کریں کہ اسلام تشدد کا پرچارک نہیں بلکہ ہر قسم کی جارحیت اور ظلم و بربریت کو کنڈم کرتا ہے اس پر ہمارے پیغمبر رحمۃ للعالمین اور ان کے جانشینوں کا طرز عمل گواہ ہے جنہوں نے ہمیشہ امن و سلامتی کا عملی پرچار کیا ۔مفتی باسم باسم زاہری نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ صادق آل محمد حضرت جعفر ابن محمد علیہ السلام نے راہ اعتدال کو اختیار کیا اور جبر و تشدد کی کھل کر مخالفت کی اسی بناء پراس دور کے ارباب حکومت انہیں اپنی راہ میں حائل سمجھتے ۔انہوں نے کہا کہ ہر دور کے حکمران صالحین کو اپنی راہ کی رکاوٹ سمجھتے رہے ہیں اور ان سے خائف رہے لیکن بندگان خدا اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے اہداف کے فروغ اور تحفظ کیلئے کوشاں رہے ہیں۔مجلس سے سید صغیرحسین کاظمی نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں جلوس عزا اپنے مقررہ راستے حالی روڈ سے گزر کر دربار سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدی میں اختتام پذیر ہوا ۔مختلف ماتمی دستوں نے دوران جلوس نوحہ خوانی اور ماتمداری کی ۔ ہیت طلبائے اسلامیہ کے زیر اہتمام عزاخانہ معصومہ قم ؑ میں عشرہ صادق آل محمدکی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد شیراز کاظم نے کہا کہ حضرت امام جعفر صادقؑ کی پاکیزہ تعلیمات تشنگانِ علوم کیلئے آج بھی مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں ،آپ کی حیثیت اس مصلح کی تھی جو امت کو اپنے کھوئے ہوئے وقار سے آشنا کرنا چاہتا ہو اور جس کا مقصد یہ ہو کہ عوام اسلامی قونین کو سمجھیں اور انہیں یہ اندازہ ہو کہ ایسے مفسد و فاسد معاشرے میں اصلاح کیلئے کن عوامل کی ضرورت ہے ۔ انجمن کنیزان امام العصر والزمان ؑ کے زیر اہتمام شعب ابی طالبؑ عشرہ صادق ال محمد کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ زینب علویہ نے کہا کہ امام جعفرصادق ؑ نے الہی اُصولوں کی سربلندی کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانیاں پیش کیں ۔