ایم ایم اے کامقابلہ عالمی استیبلشمنٹ کے اہلکاروں سے ہے،شمس سواتی

ایم ایم اے کامقابلہ عالمی استیبلشمنٹ کے اہلکاروں سے ہے،شمس سواتی

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا مقابلہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کاروں سے ہے ۔ ہم عوامی طاقت سے ان مہروں کو نشان عبرت بنائیں گے ۔ کرپٹ عناصر موسمی پرندوں کی طرح پارٹیاں بدل رہے ہیں مگر وہ احتساب سے نہیں بچ سکیں گے ۔ ایم ایم اے ان کا بے لاگ اور بے رحمانہ احتساب کرے گی اور لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی وصول کر کے اسے عوام کی فلا ح و بہبود پر خرچ کریں گے ۔ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت بدحالی کاشکار ہے ۔ سابقہ حکومتوں نے اپنے منشور پر عمل کیا نہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی این اے 63کے زیراہتما م عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرامیدواراین اے 63وپی پی20محمدوقاص خان ،صدرتحریک محنت پاکستان سیدخالدحسین بخاری، ثاقب صدیقی ،عتیق کاشمیری سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پربنا مگر ستر سال میں اسلامی نظام نافذ ہوا نہ فیصلے قرآن و سنت کے مطابق ہوئے ۔ متحدہ مجلس عمل کے منشور کا پہلا نقطہ ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے ۔ قوم متحدہ مجلس عمل پر اعتماد کرے اور ایم ایم اے کی کرپشن فری ٹیم کو کامیاب کرائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...