اسلام وپاکستان لازم وملزوم ہیں،ڈاکٹر معراج الہدیٰ

اسلام وپاکستان لازم وملزوم ہیں،ڈاکٹر معراج الہدیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سندھ ومجلس عمل کے این اے 256سے نامزد امیدوار ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ 25مئی ملائیشیا،25جون ترکی اور 25جولائی ان شاء اللہ پاکستان میں اسلام پسندوں کی کامیابی کا دن ہوگا،پاکستان واسلام لازم وملزوم ہیں، مجلس عمل اقتدار میں آکر سودی نظام،مہنگائی،بیروزگاری کا خاتمہ کرکے اسلام کا عادلانہ نظام کے ذریعے اسلامی وخوشحال پاکستان بنائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی امیدوار پی ایس130نسیم احمد صدیقی کے ہمراہ بلاک جے نارتھ ناظم آباد میں عوامی رابطہ عوام مہم کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال سے برسراقتدارآنے والے حکمرانوں کی اکثریت نے سیاست کو پیسہ بنانے اور کرپشن کا ذریعہ سمجھ کر لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں ملک کا عزت وقار مجروح اور عوام دو وقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہیں جبکہ ہم سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ اور رضائے الاہی کا حصول سمجھتے ہیں، یہ سب کچھ دعویٰ نہیں عملی طور پر ثابت بھی کیا ہے۔جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی اور سابق ناظم اعلیٰ نعمت اللہ خان کا کام اور کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔ عوام نے خدمت کا موقع دیا تو کراچی کو دوبارہ امن کا گھوارہ اور روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر