چیف جسٹس کو دوسروں کے پیسوں سے کالاباغ ڈیم بنانے کا حق نہیں: خورشید شاہ

چیف جسٹس کو دوسروں کے پیسوں سے کالاباغ ڈیم بنانے کا حق نہیں: خورشید شاہ
چیف جسٹس کو دوسروں کے پیسوں سے کالاباغ ڈیم بنانے کا حق نہیں: خورشید شاہ

 سکھر (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے چیف جسٹس کو کوئی حق نہیں کہ وہ کالا باغ ڈیم کسی اور کے پیسوں سے بنائیں، یہ کام ان کے دائرہ قانون میں نہیں آتا، چیف جسٹس کو عوام کی سہولت کے لیے کام کرنا چاہئے۔

سکھر پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اب عدالتیں بھی ایسی ہوگئی ہیں کہ ججز عدالتوں میں جا رہے ہیں اور موبائل پھینک رہے ہیں، پیپلز پارٹی مضبوط فیڈریشن چاہتی ہے لیکن چیف جسٹس کا اس میں کوئی کام نہیں کہ وہ قومی معاملات دیکھیں۔ انہوں نے کہا بار بار کہتا ہوں چیف جسٹس عدالت میں بیٹھ کر لوگوں کو انصاف فراہم کریں، لاکھوں کیسز زیر التوا ہیں، کئی فائلوں کو دیمک کھا گئی ہے، چیف جسٹس عوام کو انصاف فراہم کریں، عوام ان کے احسان مند رہیں گے۔

روزنامہ نوائے وقت کے مطابق  چیف جسٹس ثاقب نثار نے قرضہ معافی کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے فوری طور پر 2 ڈیمز کی تعمیر پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ قرضہ معافی کیس میں وصول ہونے والی رقم سے ڈیم بنائیں گے۔ الیکشن سے متعلق خورشید شاہ نے کہا الیکشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور نہ ہی میں الیکشن میں تاخیر ہوتی دیکھ رہا ہوں۔ صاف و شفاف الیکشن کرانا اب فوج کی ذمہ داری ہے، الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوئے تو ایک سوالیہ نشان بن جائے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق انہوں نے کہا وہ جو باتیں کر رہے ہیں یا ان سے کروائی جارہی ہیں اور جس طرح نواز شریف کو مظلوم بنایا جا رہا ہے، اس سے ایسا لگ رہا ہے کوئی بڑا گیم کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اس وقت عوام اور پارلیمنٹ کو لے کر آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں جمہوری پارلیمنٹ چاہیے پاکستان خود بن جائے گا۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے متعلق انہوں نے کہا جی ڈی اے کس کی پیداوار ہے، ضیائ الحق اور مشرف کے ساتھ بیٹھنے والے لوگ آج جی ڈی اے کا حصہ ہیں، وہ پہلے یہ بتائیں انہوں نے سندھ کو دیا کیا ہے۔

انہوں نے کہا پاک  چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، یہ قوم فیصلہ کرے سی پیک منصوبہ پیپلز پارٹی کا شروع کردہ تھا اور مسلم لیگ (ن) اس کا ڈھول پیٹ رہی ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے فائدے کے لیے کوئی کام نہیں کیا بلکہ عوام کے فائدے کے لیے فیصلے کیے ہیں۔صباح نیوز کے مطابق خورشید شاہ نے کہا مزار پر ماتھا ٹیکنا غلط ہے، دعا مانگنا غلط نہیں، عمران خان کو کچھ پتا نہیں، عمران خان کو بیوی نے کہا ہوگا ایسا کرو گے تو وزیراعظم بن جاﺅ گے، الیکشن قریب آتے ہی میرے شکوک و شبہات بڑھتے جارہے ہیں، اس کو توڑو اس کو توڑو کے کھیل سے ملک کو نقصان ہوگا۔

مزید : علاقائی /سندھ /سکھر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...