تحریک انصاف کے خالد خاکوانی کی یوسف رضا کے ہاتھ پر بیعت‘ آزاد الیکشن لڑنے کا امکا ن

تحریک انصاف کے خالد خاکوانی کی یوسف رضا کے ہاتھ پر بیعت‘ آزاد الیکشن لڑنے کا ...
تحریک انصاف کے خالد خاکوانی کی یوسف رضا کے ہاتھ پر بیعت‘ آزاد الیکشن لڑنے کا امکا ن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے سٹی صدر ڈاکٹر خالد خاکوانی نے مخدوم شاہ محمود قریشی سے بیعت توڑ کر سید یوسف رضا گیلانی کے ہاتھ پر بیعت کرلی ،این اے 155سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا امکان، مٹکے کا نشان الاٹ ہو گیا۔ ڈاکٹر خالد خاکوانی نے این اے 156اور پی پی 216سے ریٹائرمنٹ لیتے ہو ئے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور این اے 155پر تحریک انصاف کے امیدوار ملک عامر ڈوگر اور (ن) لیگ کے امیدوار شیخ طارق رشید کے سامنے ڈٹ گئے۔ توقع ہے کہ پیپلز پارٹی ڈاکٹر خالد خاکوانی کو این اے 155میں سپورٹ کرے گی جبکہ وہ آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے البتہ یہ کہا جارہا ہے کہ ان کے دونوں صوبائی ونگ آزاد نہیں ہوں گے اور وہ تیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔

روزنامہ نوائے وقت کے مطابق   دو روز قبل ڈاکٹر خالد خاکوانی تحریک انصاف کی ٹکٹ نہ ملنے پر مایوس تھے اور انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا نہ صرف فیصلہ کیا بلکہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی تیاریاں بھی مکمل کر لی تھیں کہ رات گئے شاہ محمود قریشی اور ملک عامر ڈوگر نے ڈاکٹر خالد خاکوانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں پی ٹی آئی میں رہنے پر آمادہ کیا ۔گذشتہ روز جب کاغذات نامزدگی واپس لینے کا مرحلہ آیا تو انہوں نے کاغذات نامزدگی واپس نہ لئے اور ہفتے کے روز ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہو کر این اے 155سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا عندیہ دیا ریٹرننگ افسر نے انہیں مٹکے کا نشان الاٹ کیا۔

ادھرگذشتہ روز ڈاکٹر خالد خاکوانی نے گیلانی ہائوس میں سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور ان سے این اے 155کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ،زرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے انہیں پارٹی ٹکٹ کی پیشکش کی لیکن ڈاکٹر خالد خاکوانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا کہا۔ دوسری طرف تحریک انصاف شعبہ خواتین کی سٹی صدر قربان فاطمہ کا کہنا ہے کہ ہر امیدوار کو ریٹائر ہونے کا وقت دیا جاتا ہے ہماری کوشش ہے کہ ڈاکٹر خالد خاکوانی آئندہ تین چار روز میں ریٹائرمنٹ کا حتمی فیصلہ کریں گے ۔