” شہباز شریف نے قومی حکومت کی ہڈی اس لیے پھینکی ہے تاکہ ۔۔۔ “ جنرل (ر) امجد شعیب نے ایسی بات کہہ دی کہ عمران خان بھی سر پکڑ کر بیٹھ جائیں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے قومی حکومت کی ہڈی اس لیے پھینکی ہے تاکہ انہوں نے جو گند پھیلایا ہے اس کو سمیٹنے کیلئے سارے اکٹھے ہوجائیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل امجد شعیب نے کہا کہ اس وقت سارا گند ن لیگ کی پیداوار ہے۔شہباز شریف اپنے آپ کو کیسے بری الذمہ کہہ سکتے ہیں جبکہ وہ سارے منصوبے قرضے لے کر شروع کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قومی حکومت کی بات انتہائی کاریگری اور مکاری ہے۔ یہ کہتے ہیں کہ جو تباہی ہم نے اکیلے مچائی تھی اس کو سمیٹنے کیلئے سارے اکٹھے ہوجائیں، انہوں نے جو ہڈی پھینکی ہے کئی لوگ اس کے لالچ میں آجائیں گے۔خیال رہے کہ شہباز شریف نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ جیت کی صورت میں وہ قومی حکومت بنائیں گے۔
پروگرام میں موجود سینئر تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا کہ پاکستان میں شاید آئندہ الیکشن میں کوئی بھی جماعت اتنی سیٹیں نہ لے سکے جو تن تنہا حکومت بنا سکے۔ حکومت سازی کیلئے میجک نمبر 100 ہے اور جو بھی اتنی سیٹیں لے گا وہ دوسروں کے ساتھ مل کر حکومت بنالے گا۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا عمران خان کے پاس 100 سیٹیں آجائیں گی؟۔ اگر عمران خان کے پاس اتنی سیٹیں آگئیں تو وہ قومی کی بجائے اپنی حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔
حبیب اکرم کا مزید کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کے پاس سادہ اکثریت آگئی تو یہ بھی کسی طور قومی حکومت نہیں بنائیں گے بلکہ اپنی حکومت بنائیں گے۔ شہباز شریف قومی حکومت کی بات کرکے الیکشن سے پہلے کی مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔