”شرم کرو نواز شریف ، میری دعا ہے کہ تم جیل میں سڑو کیونکہ تم کلبھوشن کے خلاف تو ایک لفظ نہیں بولا لیکن آئی ایس آئی ۔۔۔“ حمزہ علی عباسی نے نواز شریف پر ’حملہ‘ کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اداکار و اینکر پرسن حمزہ علی عباسی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آئی ایس آئی پر لیگی امیدوار پر تشدد کا الزام لگانے پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ٹوئٹر پر حمزہ علی عباسی نے کہا ’ نواز شریف ! تم نے کلبھوشن جادھو کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا ،پاکستان پر ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگانے کے بعد اب تم اپنے پیسے اور طاقت بچانے کیلئے لوگوں کو پاک فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف بھڑکا رہے ہو۔ شرم کرو نواز شریف ، میری دعا ہے کہ بہت جلد تم جیل میں سڑ رہے ہوگے“۔
ایک اور ٹویٹ میں حمزہ علی عباسی نے کہا ”2013 میں دھاندلی کے الزامات پر پی ٹی آئی کے 4حلقے کھولنے کے مطالبے کو جمہوریت کے خلاف سازش کہنے والی ن لیگ اب اپنی شکست دیکھتے ہوئے الیکشن 2018 سے پہلے ہی دھاندلی کا رونا رونے لگی ہے اور آئی ایس آئی پر براہ راست الزامات لگا رہی ہے اور دیکھنا ہارنے کے بعد دھرنے بھی دے گی، اللہ کی شان! “۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے لندن میں ہارلے سٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں آئی ایس آئی پر لیگی امیدوار کو ڈرانے دھمکانے اور تشدد کا الزام عائد کیا تھا تاہم نواز شریف نے ملتان سے تعلق رکھنے والے جس امیدوار پر ’ ظلم‘ کا الزام عائد کیا تھا اس نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے الزام کی تردید کردی ہے۔