بھارت؛ٹرین میں دھواں ،امبالہ سٹیشن پر خوف کی فضا 

بھارت؛ٹرین میں دھواں ،امبالہ سٹیشن پر خوف کی فضا 
بھارت؛ٹرین میں دھواں ،امبالہ سٹیشن پر خوف کی فضا 

  

نئی دہلی (آن لائن)بھارت میں امبالہ کینٹ سٹیشن پر اس وقت خوف کی فضا پھیل گئی جب امرتسر لالکوان ایکسپریس نامی مسافر ٹرین کی ایک بوگی سے مسافروں نے دھواں اٹھتے دیکھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امرتسر لالکوان ایکسپریس جوں ہی کینٹ سٹیشن پر پہنچی مسافروں نے ٹرین کی ایک بوگی کے واش روم سے سیاں دھواں اٹھتے دیکھا اورجلنے کی بھی شدید بو محسوس کی جس کے بعد کسی مسافر نے فوری طور پر ایمرجنسی الارم کا بٹن دبایا۔الارم کی آواز سن کر ریلوے حکام مذکورہ بوگی میں پہنچے اور آگ پر قابو پایا ،بعد ازاں متعلقہ ذمہ دار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ آگ بوگی کے واش روم میں رکھے ڈسٹ بن میں لگی جس کی ممکنہ وجہ اس میں جلتی ہوئی سگریٹ پھینکنا ہوسکتا ہے، تاہم حتمی بات تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث امرتسر لالکوان ایکسپریس نامی مسافر ٹرین آدھے گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جس کے بعد اسے منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔واضح رہے کہ 19 فروری 2007ء کو بھارتی سرزمین پر سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشتگردوں نے حملہ کرکے ٹرین کو آگ لگادی تھی جس میں 68 مسافر جن میں اکثریت پاکستانیوں کی تھی جاں بحق ہوئے تھے اس واقعے کو لوگ آج 11برس کے بعد بھی بھلا نہیں سکے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی