ماں کی وفات کے بعد بھی13 سال تک اڑھائی لاکھ یورو پنشن وصول کرنے والا گرفتار
ویانا(این این آئی)یورپی ملک آسٹریا کے عدالتی حکام آسٹریلیا میں مقیم اپنے ایک شہری کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی کوشش کررہے ہیں جس پرالزام ہے کہ اس نے اپنی والدہ کی وفات کی خبر مسلسل 13 سال تک مخفی رکھی اور اس عرصے میں وہ والدہ کی پنشن وصول کرتا رہا۔ وفات کے بعد وصول کی گئی پنشن کی رقم اڑھائی لاکھ یورو بتائی جاتی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق مغربی آسٹریا کے علاقے انسبروک کے پراسیکیوشن حکام کا کہنا تھا کہ پنشن بٹورنے کی نیت سے ماں کی وفات کی خبر کوخفیہ رکھنے والا 57 سالہ ملزم آسٹریلیا میں مقیم ہے۔ اس کی والدہ 2005 میں انتقال کرگئی تھی اور وہ بدستور جرمنی، سوئٹرزلینڈ اور آسٹریا میں ماں کے پنشن فنڈ سے مستفید ہوتا رہا ہے۔ملزم کو آسٹریلیا میں حراست میں لے لیا گیا ہے مگر اس نے اپنے اوپرعائد الزام کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔ آسٹریا کے قانون کے تحت اس طرح کا اقدام دھوکہ دہی کے زمرے میں آتا ہے جس کی کم سے کم سزا 5سال قید ہے۔