دارالسلام لائبریری کے بانی کرنل سلامت اللہ

دارالسلام لائبریری کے بانی کرنل سلامت اللہ

  

کرنل ڈاکٹر سلامت اللہ مرحوم کی41ویں برسی یکم جولائی2019ء(آج) منائی جا رہی ہے۔ آپ ایک مخلص علم دوست انسان تھے۔ مساجد، کتب خانے اور علمی مجالس سے انہیں گہری دلچسپی تھی۔ باغ جناح لاہور کے خوشگوار ماحول میں واقع دارالسلام کتب خانہ آپ کے علمی ذوق کی اعلیٰ مثال ہے۔ آپ نے اپنے خونِ جگر سے اس ننھے منھے علمی پودے کی آبیاری کی۔ لائبریری کے قیام سے قبل آپ میڈیکل اور انجینئرنگ کے غریب طلبہ کو اپنی جیب سے قرضِ حسنہ کے طور پر وظائف دیتے رہے۔آپ کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں 1911ء میں حکومت ِ برطانیہ نے آپ کو اُس وقت کے اعلیٰ اعزاز ”ملٹری کراس“ سے نوازا اور 1922ء میں ”قصر ہند“ کے اعزاز سے نوازے گئے۔

مسجد دارالسلام1961ء میں تعمیر ہوئی اور 1966ء میں دارالسلام لائبریری قائم کی گئی۔ان اداروں کی مالی معاونت کے لئے باغ جناح میں گلش ریسٹورنٹ تعمیر ہوا۔ یہ تینوں ادارے آپ کی مسلسل آٹھ سالہ محنت شاقہ کے نتیجے میں وجود میں آئے۔ان کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کئے۔

دارالسلام لائبریری ہمارے تاریخی ورثے اور درخشاں روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ آپ نے اس کتب خانے کو مروجہ علوم و فنون کی ترسیل کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب اور اخلاقی روایات کی آبیاری کا ذریعہ بھی بنایا۔

نومبر1969ء میں لائبریری کی توسیع کی گئی۔1971ء میں بالائی منزل تعمیر ہوئی۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش ِ نظر1993-94ء میں ایک نئے ہال کا اضافہ کیا گیا۔ لائبریری اور مسجد دارالسلام کا انتظام چلانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی۔محترم کرنل سلامت اللہ اس کمیٹی کے فنانشل ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوئے۔آپ نے اس ادارے کی بہتری کے لئے شب و روز کام کیا۔آپ کے نزدیک ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی بنیادی وجہ تعلیم ہے،جس کے نتیجے میں اُن کا ہر شعبہ ترقی یافتہ ہے۔کتب خانے علم و تحقیق کا بنیادی ذریعہ ہیں۔

اس وقت دارالسلام لائبریری میں 48,500 کتب موجود ہیں۔80سے زائد رسائل انگریزی اور مشرقی زبانوں میں مطالعہ کے لئے دستیاب ہیں۔تقریباً تمام مقامی اخبارات،ہفت روزے اور پندرہ روزے قارئین کے استفادہ کے لئے مہیا کئے جاتے ہیں۔22ہزار معیاری کتب پر مشتمل ڈیجیٹل لائبریری اس کتاب خانے کی زینت ہے۔ لائبریری مکمل طور پر ائر کنڈیشنڈ ہے، اس میں 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جبکہ لائبریری میں روزانہ آنے والوں کی تعداد 250 سے 300 ہے۔ لائبریری میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے قارئین مسجد دارالسلام کے برآمدہ میں بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور ہیں۔حکومت سے درخواست ہے کہ وہ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش ِ نظر لائبریری کی توسیع کے منصوبے کی اجازت دے۔

لائبریری میں انٹرنیٹ، پرنٹر، فوٹو کاپی کی سہولت موجود ہے۔ کتب خانے کی مکمل آٹو میشن کے لئے پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن کے تعاون سے جدید کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے۔ لائبریری کی کتب اور دیگر علمی مواد کی کمپیوٹرائزیشن کا کام جاری ہے۔ قارئین کی عادات مطالعہ اور علمی ذوق کی آبیاری کے لئے علمی و ادبی مجالس کا انعقاد باقاعدہ سے کیا جاتا ہے۔باغ جناح کے خوبصورت پُرسکون ماحول میں صبح8بجے سے9بجے شب بشمول اتوار کھلے رہنا اِس کتب خانے کی امتیازی خصوصیت ہے۔ اب ادارہ دارالسلام کے معاملات اُن کے صاحبزادے سلیم شہریار سلامت خوش اسلوبی سے چلا رہے ہیں۔

مزید :

رائے -کالم -