کیا آرمی چیف جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دیں گے؟ سوال کا وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی حیران کن جواب دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں جب بھی آرمی چیف کی مدت پوری ہونے کو آتی ہے تو یہ بحث بھی چھڑ جاتی ہے کہ آیا انہیں ایکسٹینشن ملے گی یا نیا جرنیل فوج کی کمان سنبھالے گا۔ جنرل راحیل شریف کے وقت بھی یہی موضوع میڈیا پر زیر بحث رہا اور اب جنرل قمر جاوید باجوہ کی ریٹائرمنٹ کی مدت قریب آتے ہی ایک بار پھر یہ بحث شروع ہوچکی ہے جس پر پہلی بار عمران خان کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں اپنی معاشی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی جس میںمعیشت کے حوالے سے مختلف معاملات پر گفتگو کی گئی۔ اس دوران وزیر اعظم سے بعض سیاسی سوالات بھی کیے گئے اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں بھی سوال پوچھا گیا۔ اینکر پرسن ارشد شریف نے وزیر اعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دی جائے گی؟ جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی جنرل باجوہ کی ایکسٹینشن کے حوالے سے کوئی ڈسکشن نہیں ہوئی ہے۔