اے این پی خیبرپختونخوا کے ضلعی کلچر سیکرٹریز کا اجلاس
پشاور(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے تمام ضلعی کلچر سیکرٹریز کا اجلاس بروز منگل باچاخان مرکز پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک،صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور،صوبائی نائب صدر ثاقب اللہ چمکنی، صوبائی سیکرٹری مالیات مختیار خان اور صوبائی کلچر سیکرٹری خادم حسین سمیت تمام اضلاع کے کلچر سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں تمام سیکرٹریز کے تجاویز کی روشنی میں صوبہ بھر میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک، صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور، صوبائی نائب صدر ثاقب اللہ چمکنی اور صوبائی سیکرٹری ثقافت خادم حسین نے تمام سیکرٹریز پر زور دیا کہ وہ بروقت اپنی رپورٹس باچاخان مرکز میں جمع کرائیں۔ اجلاس میں ملگری لیکوالان تنظیم کو فعال کرنے کی تفاصیل طے کی گئیں اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام ضلعی کلچر سیکرٹریز 15دن کے اندر اضلاع سے نامور شعراء، ادیبوں اور لکھاریوں کی فہرست صوبائی کلچر سیکرٹری کو ارسال کریں گے۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان کی منظوری کے بعد ملگری لیکوالان کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اعلان جلد کیا جائیگا۔ اسکے ساتھ ساتھ صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی ادیبوں اور شاعروں کی فہرستوں کی مدد سے ملگری لیکوالان کی ضلعی تنظیمیں تشکیل دے گی اور ملگری لیکوالان کیلئے صوبائی کونسل بھی تشکیل دی جائیگی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی کلچر سیکرٹریزضلعی سطح پر اضلاع کی تنظیموں کی مدد سے قومی دن، مشاہیر کے دن، شہداء کے دن، ٹورنامنٹ، مشاعروں اور میوزک کے پروگراموں کا انعقاد کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع کے کلچر سیکرٹریز ضلعی سطح پر ہنری اور ثقافتی میلوں کا انعقاد بھی کریں گے جس میں مقامی مصنوعات کے سٹالز،کتابوں اور مقامی خوراکوں کے سٹالوں کے ساتھ ساتھ مقامی ہنرمندوں کی پرفارمنس اور مقامی ادیبوں اور شعراء کے سیمینارز منعقد کئے جائیں گے