قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کا بجٹ اور مہنگائی کیخلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج

قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کا بجٹ اور مہنگائی کیخلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) اپوزیشن جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی نے بجٹ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر شاہراہ دستور پر احتجاجی مظاہرہ کیا، اپوزیشن ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔اپوزیشن ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی، اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں کہ اسمبلی میں آئیں اور اعتماد کا ووٹ لیکر دکھائیں، حکومت اور معیشت مفلوج ہے،حکومت اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکی ہے،پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے بجلی اوراشیا خوردونوش کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی،اس بجٹ کے بعد مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے، ایک وقت میں پٹرول کی قیمت 25 روپے بڑھا دینے کا کیا جواز ہے؟۔ ان خیالات کا اظہار اپوزیشن رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، نوید قمر اور خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر شاہراہ دستور پر اپوزیشن ارکان نے بجٹ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نوید قمر نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کے ذریعے عوام پر جو بم گرائے ہیں اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ عوام میں سانس لینے کی بھی سکت نہیں رہے گی،ایک وقت میں پٹرول کی قیمت 25 روپے بڑھا دینے کا کیا جواز ہے؟ اے پی سی چند روز میں متوقع ہے۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نے مافیاز کو سپورٹ کیا، معیشت کو تباہ کیا،حکومت اپنے ممبران اور اتحادیوں کا اعتماد کھوچکی ہے، عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں کہ اسمبلی میں آئیں اور اعتماد کا ووٹ لیکر دکھائیں،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کابینہ کا ہر فیصلہ مشکوک ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دو سال سے زائد ہوگئے،ن لیگ اور پیپلزپارٹی پر کوئی کرپشن کا الزام ثابت کرسکے ہیں؟ جھوٹ بولنے اور الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا۔

اپوزیشن احتجاج

مزید :

صفحہ اول -