یونیورسٹیوں کی خودمختاری برقرار رکھی جائے گی،راجہ یاسر ہمایوں

  یونیورسٹیوں کی خودمختاری برقرار رکھی جائے گی،راجہ یاسر ہمایوں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشنز پنجاب کے نو رکنی وفد نے پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری کی قیادت میں چانسلر وگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر محمد عامر مقصود، جاوید سمیع،ڈاکٹرمقیت جاوید، ڈاکٹر فہیم گوہر، ڈاکٹر عبد الستار ملک، ڈاکٹر عاطف شہباز، ڈاکٹر حمود الرحمان اور ڈاکٹر ساجد اقبال شامل تھے۔وفد نے چانسلر کو یونیورسٹیوں اور اساتذہ کو درپیش مسائل مطالبات کی شکل میں پیش کئے۔ دو گھنٹے طویل ملاقات میں تمام مسائل پر تفصیل سے گفتگو ہوئی اور مطالبات کو من وعن تسلیم کرلیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب نے اساتذہ کے تمام تحریری مطالبات کو منظور کرتے ہوئے دستخط ثبت کئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریری طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ یونیورسٹیوں کی خودمختاری برقرار رکھی جائے گی اور کسی قسم کی ترمیم سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جامعات کی فنڈنگ کے حوالے سے حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ جامعات کو سپلمینٹری گرانٹ میں مزید رقم فراہم کی جائے گی۔ صدر فپواسا ڈاکٹر ممتاز انور نے مذاکرات کی کامیابی کے بعد اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام اساتذہ کو یکجہتی، اتحاد، تسلسل اور پُرعزم تحریک پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گی اور پنجاب کی تمام جامعات کے نظم و نسق کو اساتذہ کے مطالبات کی روشنی میں چلایا جائے گا۔
یقین دہانی

مزید :

صفحہ آخر -