سپورٹس بورڈ نے 16 نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو گرانٹ دیدی

سپورٹس بورڈ نے 16 نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو گرانٹ دیدی

  

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ نے بورڈ کے ساتھ منسلک 16 نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو 25 ملین کی گرانٹ ریلیز کر دی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان محمد اعظم ڈار نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رقوم فیڈریشنز کو انتظامی امور پر خرچ کرنے کے لئے نہیں دی گئی بلکہ کھلاڑیوں کی تربیت اور کوچنگ پر خرچ کرنے کے لئے دی گئی ہے ان 16 سپورٹس فیڈریشنز میں سب سے ذیادہ گرانٹ پاکستان والی بال فیڈریشن کو تین ملین دی گئی ہے۔

اتھلیٹکس فیڈریشن، بلیرڈ اینڈ سنوکر، کبڈی اور رائفل ایسوسی ایشن کو دو، دو ملین کی گرانٹ ملی اور اسی طرح باڈی بلڈنگ، سکواش، ٹینس، ہاکی، جوڈو اور بیڈمنٹن کو ڈیرھ، ڈیرھ ملین جبکہ کراٹے، نیٹ بال، تائیکوانڈو، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ فیڈریشن کو ایک، ایک ملین کی رقوم ریلیز کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے 71 ملین کی خطیر رقم نیپال میں کھیلی گئی 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کے دستہ پر خرچ کی تھی اور ان گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں 111.50 ملین کی بہت بڑی خطیر رقم بطور انعام کیش ایوارڈ پالیسی کے تحت تقیسم کی گئی، تاہم کورونا وبائی مرض کے دوران 5 ملین کی رقم 55 پرانے کھلاڑیوں میں بھی تقیسم کی گئی۔ اعظم ڈار نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا اس وقت پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں تک ہی محدود ہیں اور عوام صحت اور معاشی مسائل سے بھی دوچار ہیں اور ان حالات کو مدد نظر رکھتے ہوئے فیڈریشن میں گرانٹ تقسیم کرنے پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا یہ فیصلہ قابل تعریف ہے اور ان مشکل حالات میں کھلاڑیوں کو انعامی رقوم بھی تقسیم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فیڈریشنز کو گرانٹ اور کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنے پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں اور فیڈریشنز کے عہدیداروں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مختلف فیڈریشنز کے نمائندوں اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد کا کہنا ہے کہ کورونا وبا سے موجودہ مشکل حالات میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کھلاڑیوں اور فیڈریشنز کے عہدیداروں دل جیت لئے ہیں۔

rta/shf/aam 1940

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -