اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں کراچی سے سپورٹ حاصل تھی،ڈاکٹر جمیل

  اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں کراچی سے سپورٹ حاصل تھی،ڈاکٹر جمیل

  

کراچی (کرائم رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں کراچی سے سپورٹ حاصل تھی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے چاروں دہشت گرد کچھ روز سے کراچی میں ہی موجود تھے، ممکنہ طور پر انہیں مقامی سپورٹ حاصل تھی۔ حملے میں استعمال کی جانے والی گاڑی 25 جون کو کراچی سے ہی خریدی گئی تھی جو مارے جانے والے ایک دہشت گرد کے نام رجسٹرڈ تھی۔ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ دہشت گردوں کا اسٹاک ایکسچینج میں زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا منصوبہ تھا، اسی لیے وہ نہ صرف جدید اسلحہ، دستی بموں سے لیس تھے، بلکہ ان کے پاس کھانے پینے کی اشیا کے ساتھ ساتھ پٹرول کی بوتلیں بھی تھیں۔ڈاکٹر جمیل احمد نے مزید کہا کہ حملے کی سی ٹی ڈی پولیس مختلف پہلووں پر باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے جس میں پیش رفت سے متعلق وقتا فوقتا آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ذرائع کے مطابق حملے میں استعمال گاڑی ایک روز پہلے ہی ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے نام ٹرانسفرہوئی جو اس سے پہلے نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔

مزید :

صفحہ آخر -