ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفان، بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفان، بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب ...

  

ملتان،کوٹ ادو،راجن پور(سپیشل رپورٹر، نیوز رپورٹر،وقائع نگار، نمائندگان پاکستان)ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں طوفانی آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش، ہرطرف جل تھل ہوگیا آندھی اور بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر، واسا کے انتظامات بھی برسات میں بہہ گئے، آم کے باغات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔واسا ملتان نے ڈسپوزل اسٹیشنوں پر ایمرجنسی نافذ کردی۔اس ضمن میں (بقیہ نمبر44صفحہ6پر)

ملتان اور مضافاتی علاقوں سمیت جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ سہ پہر سے طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش کے نتیجہ میں جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے وہاں مذکورہ آندھی اور بارش سے معمولات زندگی بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ملتان اور مضافاتی علاقوں میں آندھی کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہونے سے شہر اور دیہات تاریکی میں ڈوب گئے شہر کے 60فیصد سے زائد علاقوں میں بجلی رات گئے تک بحال نہیں ہو سکی تھی۔اس کے ساتھ ساتھ آندھی کے باعث آم کے باغات میں کچا پھل گرنے سے باغبانوں کا دیوالیہ ہوکر رہ گیا ہے۔دوسری جانب پری مون سون کی بارش جس کی شدت مختلف علاقوں میں 14سے 44ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے نے واسا کے انتظامات کو بہا کر رکھ دیا ہے۔بارش کے پانی سے نکاسی آب کا مناسب بندوبست نہ ہونے سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے نمٹنے کیلئے واسا انتظامیہ نے ڈسپوزل اسٹیشنوں پر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات بھر جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آج بھی مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ جبکہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید آندھی اور طوفان بادوباراں سے 120 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی متاثر ہونے والے فیڈرز میں ملتان،مظفر گڑھ، بہاولپور اور ڈی جی خان سرکلز کے فیڈرز شامل ہیں کئی مقامات پر بجلی کے پولز اور درخت گرنے اور تاریں ٹوٹنے کی اطلاعات چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود نیبجلی بحالی کے لئے ٹیمیں فیلڈ میں بھیجنے کے احکامات جاری کر دئے چاروں آپریشن سرکلوں کے افسران کو بارش رکنے ہی بجلی بحالی کے کام شروع کرنے کی ہدایت لائن سٹاف کو حفاظتی آلات کے استعمال اور سیفٹی پالیسی پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت حادثات سے بچاؤ کیلئے لائن سٹاف کو پرمٹ لینے کے بعد بحالی کا کام شروع کرنے کی سخت ہدایات جاری چیف ایگزیکٹو میپکو خود بجلی کی فراہمی کی صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔ادھرملک بھرکے دیگرحصوں کی طرح گزشتہ روزملتان اورنواحی علاقوں میں ہونے والی بارش نے ریلوے کے جدیدسگنل سسٹم کی قلعی کھل کررکھ دی ہے۔بتایا جاتاہے کہ بارش کے باعث لودھراں تاچیچہ وطنی مختلف مقامات پرسگنل سسٹم خراب ہوگیا۔جس کی وجہ سے مسافرٹرینوں کو پیپرلائن کلیئرکے تحت چلایاجارہاہے۔ریلوے ذرائع کے مطابق بارش کے باعث ریلوے کے انٹربیس لاکنگ سسٹم میں نمی آجاتی ہے۔جس کی وجہ سے سگنل سسٹم درست کام نہیں کرتا۔نمی ختم ہوتے ہی سسٹم خودبہ خودٹھیک ہوجائیگا۔آئندہ دوروزتک مزیدبارشوں کی پیش گوئی کومدنظررکھتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے ٹرین ڈرائیوروں اور دیگر آپریشنل سٹاف کوبھی الرٹ محفوظ ٹرین آپریشن جاری رکھنے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔گزشتہ روزریلوے شعبہ سول انجینئرنگ کے گینگ مین بارش کے دوران ریلوے ٹریک سے نکاسی آب کے لئے کام کرتے رہے۔جبکہ ملتان میں موسلا دھار بارش ہونے کی وجہ سے دیوار اور سائن بورڈ گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔جن کو طبی امداد دیکر نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز چوک کمہاراں والا پر آندھی اور بارش کی وجہ سے سائن بورڈ ایک شخص پر گر گیا۔جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص کی کمر پر زور دار چوٹ لگی۔ زخمی ہوا ہے۔اس کے علاوہ 7 نمبر چونگی ایل ایف سی کے پاس ایک دیوار گرنے کے نتیجے میں دو لوگ زخمی ہوئے۔ دونوں لوگوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکال لیا گیا ہے اور وہ زخمی ہیں۔جبکہ ریسکیو کی ٹیمیوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد دیکر نشتر ہسپتال ملتان شفٹ کر دیا۔جہاں انکی حالت تشویش ناک ہے۔ادھر گزشتہ روز بھی 6بجے شام اچانک کوٹ ادو وگردونواح میں گرد آلودآندھی شروع ہو گئی،تیز رفتار آندھی سے سائن بورڈ سمیت کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ بجلی وٹیلی فون کا نظام بھی معطل ہوگیا،کئی گھنٹے بجلی بند رہی،آسمان پر کالے بادل آمڈ آئے اور گرد آلود تیز آندھی کے ساتھ ہلکی بوندا باندی شروع ہو گئی، بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ جبکہ ضلع راجن پور میں بھی موسم گرما کی شدت برقرار، سخت گرمی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوادیں، واپڈا حکام نے اپنے فون ہی بند کردیئے، بجلی کب آئیگی؟ کوئی آفیسر بتانے کوتیار نہیں، واپڈا راجن پور کے آفیسران کو لوڈشیڈ نگ شیڈول بارے شہریوں کو مطلع کر نے کا پابند بنایا جائے راجن پور کے شہریوں کا وزرات پانی وبجلی،چیف ایگزیکٹو ملتان الیکٹر ک پاور کمپنی،ایس ای واپڈا ڈی جی خان ڈویژن سے مطا لبہ تفصیلات کا مطابق راجن پورشہر میں تینوں فیڈرز ریلوے،سٹی اور عید گاہ کی واپڈا گرڈعملہ جب بھی دِل چاہے بجلی بند کردیتا ہے اور کئی کئی گھنٹے مسلسل بجلی بندرکھی جاتی ہے جس سے سخت گرمی میں اندرون شہر گنجان محلوں میں رہائش پذیر شہریوں کوسخت اذیت کاسا منا کرنا پڑتا ہے عوامی وشہری حلقوں نے وزارت پا نی وبجلی اور واپڈا کے اعلیٰ حکام سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈ نگ پر واپڈا آفیسران ضلع راجن پور کے خلاف کاروائی کا مطا لبہ کیا ہے۔

بارش

مزید :

ملتان صفحہ آخر -