کرونا سے مزید5ہلاکتیں، نشتر میں 20مریضوں کی حالت تشویشناک

  کرونا سے مزید5ہلاکتیں، نشتر میں 20مریضوں کی حالت تشویشناک

  

ملتان، رحیم یارخان(وقائع نگار، بیورو رپورٹ) نشتر ہسپتال کے کورونا وارڈ میں داخل مزید تین مریض دم توڑ گئے ہیں۔جبکہ کورونا وائرس کے 20 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔16 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔نشتر ہسپتال کے کورونا وائرس آئسولیشن وارڈ میں کورونا پازیٹو 46 مریض داخل ہیں۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران نشتر ہسپتال میں کورونا وائرس کے شبہ میں 74 نئے مریض داخل ہوئے ہیں۔اب تک(بقیہ نمبر45صفحہ6پر)

نشتر ہسپتال میں کورونا وائرس کے شبہ میں لائے گئے 1446 مریضوں میں سے 514 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔کورونا وائرس کے 134 مریض فوت ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس کے 292 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔35 ڈاکٹروں،13 نرسوں اور 6 پیرا میڈیکل سٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔نشتر ہسپتال میں 18 ہزار 563 افراد کے کورونا وائرس ٹسٹ کئے جاچکے ہیں۔2653 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔جبکہ مسلم لیگ (ن) سینئر رہنما وسابق ٹکٹ ہولڈرمولوی طارق چوہان کرونا وائرس کے باعث ہسپتال میں دم توڑ گئے‘ انتظامیہ نے اپنی زیرنگرانی کرونا ایس او پیز کے تحت نمازجنازہ ادا کرتے ہوئے آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا۔تفصیل کے ضلع رحیم یارخان کی معروف سیاسی شخصیت مسلم لیگ(ن) کے رہنما وسابق ٹکٹ ہولڈر مولوی طارق چوہان کورونا وائرس کے باعث شیخ زاید ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ مرحوم چند روزسے طبیعت خراب ہونے پر شیخ زاید ہسپتال زیرعلاج تھے جہاں گذشتہ روز انتقال کرگئے۔ انتظامیہ نے اپنی زیرنگرانی کورونا ایس او پیز کے تحت نماز جنازہ اداکرتے ہوئے آبائی علاقہ بستی مولویاں کے قبرستان میں سپردخاک کردیا۔ مرحوم کی نمازجنازہ میں سیاسی‘ سماجی‘ کاروباری‘ مذہبی شخصیات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ادھرکرونا وائرس کے شبہ میں ہسپتال میں زیر علاج 48 سالہ خاتون دم توڑ گئی‘ انتظامیہ نے کرونا ایس او پیز کے تحت نمازجنازہ ادا کرتے ہوئے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔ تفصیل کے مطابق گلشن ناصر کی رہائشی 48 سالہ رشیداں بی بی کو کرونا وائرس کے شبہ میں ورثاء نے طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد کے باوجود وہ جانبر نہ ہو پائی اور دم توڑگئی‘ انتظامیہ نے کرونا ایس او پیز کے تحت نمازجنازہ ادا کرتے ہوئے آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا۔جبکہ کرونا وائرس کا شبہ‘ مزید 5 افراد ہسپتال منتقل‘ تصدیق کیلئے نمونہ جات لیبارٹری۔تفصیل کے مطابق گلشن اقبال کا 35 سالہ علی رضا‘ عباسیہ ٹاؤن کا 30 سالہ ہیرا شاہ‘ پتن منارہ کا 56 سالہ رفاقت علی‘ چک 119 کا 19 سالہ عتیق اور باغو بہار کے 35 سالہ سعید احمد کو کرونا وائرس کے شبہ میں ورثاء نے طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جہاں انتظامیہ نے تصدیق کیلئے نمونہ جات لیبارٹری روانہ کرتے ہوئے تمام افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -