کورونا وائرس سے مزید 118افراد جاں بحق، پی آئی اے کا یورپی ممالک کیلئے فضائی آپریشن 6ماہ کیلئے معطل، پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں 15جولائی تک توسیع

کورونا وائرس سے مزید 118افراد جاں بحق، پی آئی اے کا یورپی ممالک کیلئے فضائی ...

  

کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)یورپی یونین کی ائیرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی یورپی ملکوں کیلئے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کیلئے معطل کردیا۔معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020 کو رات 12 بجے یو رپی وقت کے مطابق شروع ہوگا۔یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کے فیصلے کے بعد پی آئی اے کی یورپ کیلئے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کردی گئیں، جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے وہ بکنگ آگے کرواسکتے ہیں یا ریفنڈ لے سکتے ہیں۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے لیے گئے اقدامات کے باعث معطلی جلد ختم ہوگی۔خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ 148مشکوک لائسنس کی لسٹ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کو بھجوادی گئی اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے،دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سے زائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر بھیج دی ہیں۔غلام سرورخان کا کہنا تھاکہ پی آئی اے میں 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں، حالیہ دنوں میں 4 گھوسٹ پائلٹس فارغ کیے ہیں۔

پی آئی اے

لاہور(خبر نگار، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)) پنجاب میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے توسیعی نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا جو 15جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔سیکریڑی پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہالز بدستور بند رہیں گے۔ سماجی اور مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھ کی اجازت نہیں ہو گی۔تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے۔ میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔کال سینٹرز کو 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے جبکہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی۔ گروسری اور کریانہ سٹور صبح 9 سے شام 7 تک، ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔ تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔دریں اثنا پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 337 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 118 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 304 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 846 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 75 ہزار 501، سندھ میں 81 ہزار 985، خیبر پختونخوا میں 26 ہزار 115، بلوچستان میں 10 ہزار 426، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 470، اسلام آباد میں 12 ہزار 775 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 65 کیسز رپورٹ ہوئے۔دنیابھرمیں نوول کروناوائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد1کروڑ3لاکھ 2ہزار52ہوگئی ہے، امریکہ 25لاکھ 90ہزار552مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ برازیل 13لاکھ 68 ہزار 195کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، روس میں مصدقہ کیسز کی تعداد6لاکھ 40ہزار 246 ہو گئی ہے۔بھارت میں کل مصدقہ کیسز کی تعداد5لاکھ 66ہزار840، برطانیہ میں 3لاکھ 13ہزار470جبکہ پیرو میں 2لاکھ 82ہزار365ہوگئی ہے۔چلی میں مصدقہ کیسز کی تعداد2لاکھ 75ہزار999تک پہنچ گئی ہے جبکہ سپین میں کل تعداد2لاکھ 48ہزار970ہوگئی ہے۔اٹلی میں کل مصدقہ کیسز کی تعداد2لاکھ 40ہزار436جبکہ چین میں 85ہزار227ہوگئی ہے۔

لاک ڈاؤن

مزید :

صفحہ اول -