گورنر سندھ نے الخدمت ہسپتال میں کورونا ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے امیرجماعت اسلامی کراچی و صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ الخدمت ناظم آباد میں کوویڈ 19الخدمت کرونا وائرس ٹیسٹ لیب کا افتتاح کیا۔الخدمت ڈائگنوسٹک پروجیکٹ کی ڈائریکٹرپروفیسرنائلہ طارق نے کورونا وائرس ٹیسٹ لیب کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہاکہ کورونا وائرس ٹیسٹ کا آغاز جمعہ 3جولائی سے ہوگا،مخیر حضرا ت اور کارپوریٹ پاکستان گروپ کی پارٹنرشپ سے لیب کا قیام عمل میں لا گیا ہے اگلے مرحلے میں ریسرچ اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر میڈیکل سروسزالخدمت اظہر چغتائی نے عمران اسماعیل کو گلدستہ پیش کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے عمران اسماعیل کو لیب کا دورہ بھی کرایا۔تقریب سے کارپوریٹ پاکستان گروپ کے بانی اظفر احسن،الخدمت ڈائگنوسٹک کمپلیکس گورننگ باڈی کے چیئرمین ہارون قاسم، ڈائریکٹر ڈائگنوسٹک سینٹرز الخدمت انجینئر صابر احمدودیگر نے بھی خطاب کیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت صرف فلاحی نہیں بلکہ ایک امانت اور دیانت دار ادارہ ہے،کورونا وائرس ٹیسٹ ایک عام انسان کے لیے بہت مشکل ہوگیا ہے،الخدمت کے تحت قائم لیب سے عام شہری بھی کورونا ٹیسٹ با آسانی کرواسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ الخدمت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کورونا ٹیسٹ لیب قائم کی،اگر فنڈز کو امانت داری سے خرچ کیا جائے تو محدود وسائل بھی خدمت کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ اظفر احسن نے کہاکہ کارپوریٹ پاکستان گروپ الخدمت کے ساتھ ہے،وفاقی حکومت کو بھی چاہیئے کہ پروجیکٹ میں الخدمت کے ساتھ تعاون کرے۔ہارون قاسم نے کہاکہ شہر میں کروناوائرس سمیت دیگر وائرس بھی آتے رہیں گے ایسے میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر کام کریں،الخدمت کے تحت لیب کے قیام کے ساتھ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا کام بھی کیا جائے گا،کارپوریٹ پاکستان گروپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 30 ملین روپے لیب کے لیے جمع کرائے،الخدمت بغیر کسی منافع کے عوام کی خدمت کے لیے کام کررہا ہے،الخدمت نے ابھی صرف کورونا وائرس لیب ٹیسٹ قائم کی ہے اس کے بعد ریسرچ ڈیولپمنٹ کا بھی آغاز کیا جائے گا،کرونا وائرس ٹیسٹ کی لاگت 4500 روپے تک آئے گی لیکن الخدمت کے تحت صرف 3000 روپے میں کورونا وائرس ٹیسٹ کیا جائے گا۔نائلہ طارق نے کہاکہ بیالوجی لیبارٹری کھولنے کا مقصد پیسے کمانا نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے،ہم نے لیول تھری لیبارٹری قائم کی ہے جس کا ٹیسٹ کسی بھی لیبارٹری سے چیک کروایا جاسکتا ہے،ہم نے الخدمت کے تحت ریسرچ ڈیٹا کے لیے لیب بنائی ہے تاکہ ہم گورنمنٹ کی مدد کرسکیں،الخدمت کورونا وائرس ٹیسٹ میں عوام سے نارمل ریٹ پر ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔جس کی رپورٹ 24 گھنٹے میں دے دی جائے گی،الخدمت عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ ہیومن ریسورس کی استعداد بھی بڑھائے گا،الخدمت لیب ٹیسٹ کے قیام میں پاکستان بھر کے مخیر حضرات نے تعاون کیااور ہم وفاقی حکومت سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ عوام کی خدمت کے لیے الخدمت کے ساتھ تعاون کریں۔#