سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکا اجلاس

سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکا اجلاس

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدات سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مرکزی دفتر میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیکرٹری بلدیات سندھ روشن علی شیخ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کاشف گلزار شیخ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی جانب سے وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر صفائی و ستھرائی کی سرگرمیاں جاری ہیں مگرجی ٹی ایس کے بعض مقامات پر مافیا کارندوں نے قبضہ کررکھا ہے جس کی وجہ سے صفائی و ستھرائی کی سرگرمیوں میں تعطل کا سامنا کرتا پڑتا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ فل سائٹس سمیت شہر بھر میں کسی بھی مقام پر ایسے عناصر کی موجودگی ہرصورت ختم کی جائے،حکومت سندھ کی جانب سے مکمل تعاون اور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم ہر صورت شہر سے کچرے کے خاتمے اور تجاوزات کے مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں، پولیس اور سیکورٹی کے تمام ادارے آپ کے ساتھ مکمل مدد اور تعاون فراہم کریں گے، تمام تر قانونی راستوں او ر آئینی طریقہ کار کا بہترین استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو تمام اداروں کے مقابلے میں زیادہ توجہ اور وسائل فراہم کئے جارہے ہیں،لہذا کارکردگی بھی مزید بہترین ہونی چاہئے،نئے گاربیج اسٹیشنز کا قیام بھی عمل میں آنا چاہئے،ہمیں نتائج چاہیں،باقاعدہ ٹینڈرز منعقد کئے جائیں،تمام اضلاع کے چیئرمین ہم سے رابطے میں ہیں، گھروں کے سامنے سے کچرا اٹھایا جانا ضروری ہے، ڈور ٹو ڈور کلیکشن کے عمل کو مزید بھرپور بنایا جائے اور باقاعدہ میڈیا آگاہی شروع کی جائے۔قبضہ کی ہوئی جی ٹی ایس کو حاصل کرنے کے حوالے سے جو مشکلات پیش آرہی ہیں ان کو دور کرنے کے لئے مکمل مدد فراہم کی جائے گی، مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے تمام شہر میں انتظامات مکمل کئے جائیں۔ آپ کو مخصوص مقامات سے آلائیشیں اٹھانے میں کافی مدد مل جائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -