جوانوں نے شہادت دیکر ملک کو بڑی دہشتگردی سے بچایا ہے: سعید غنی 

جوانوں نے شہادت دیکر ملک کو بڑی دہشتگردی سے بچایا ہے: سعید غنی 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ گذشتہ روز سانحہ اسٹاک ایکسچینج میں شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈز اور پولیس کے جوانوں نے شہادت دے کر اس ملک کوایک بڑی دہشتگردی سے بچایا ہے۔ جس طرح ان تینوں سیکورٹی گارڈز اور ساتھ ہی پولیس کے جوانوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی۔سندھ حکومت ان تمام شہدا کے لواحقین کے غموں میں برابر کی شریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز تینوں شہید سیکورٹی گارڈز کی رہائشگاہ پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈسٹرکٹ ساتھ کے پیپلز پارٹی کے ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی  مومن آباد، اورنگی ٹان میں شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈز خدایار ولد شیر یار کی رہائش گاہ پہنچیں اور وہاں ان کے اہلخانہ اور دیگر لواحقین سے تعزیت کی، صوبائی وزیر نے فاتحہ خوانی کی اور شہید خدا یار کی بہادری کو سراہا انہوں نے کہا کہ ہم خدا یار سمیت تمام شہدا کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ خدا یار نے ملک کی سلامتی اور ملک کے دفاع کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیرسعید غنی سانحہ کے دوسرے شہید سیکورٹی گارڈ حسن ولد بچو کی رہائش گاہ لیاری کھڈہ مارکیٹ پہنچ گئے۔ اس موقع پر خلیل ہوت سمیت دیگر پارٹی کے رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے شہید حسن بچو کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی سانحہ کے تیسرے شہید گارڈ افتخار واحد ولد فاضل واحد کی رہائش گاہ این ٹی آر کالونی، ریلوے کالونی پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر نے افتخار واحد ولد فاضل واحد کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم ان شہدا کی ہمت و عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ جس طرح ان تینوں سیکورٹی گارڈز اور ساتھ ہی پولیس کے جوانوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سیکورٹی گارڈز نے ملک کی بقا اور سالمیت پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت ان تمام شہدا کے لواحقین کے غموں میں برابر کی شریک ہے۔

مزید :

صفحہ اول -