اپوزیشن کو ہماری کارکردگی پر نہیں اپنے کرتوتوں کا بلیک پیپر جاری کرنا چاہیے تھا
لاہور (نمائندہ خصوصی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے قوم کا خون چوسنے والی مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی کو حکومت کی کا رکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے سے پہلے اپنے کرتوتوں پر بلیک پیپر جاری کرنا چاہیے تھا،اپوزیشن بجٹ پر جس فورم پر چاہے اعدادوشمار کیساتھ مناظرہ کر لے اور دعویٰ ہے کہ انہیں سوائے سبکی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا،ایک دوسرے کی سیاست کو سہارا دینے کیلئے پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ والے ایک بار پھر بھائی بھائی بن گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر اپوزیشن کے وائٹ پیپر جاری کرنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وائٹ پیپر اعدادوشمارکا موازنہ ہوتا ہے جس سے اپوزیشن عاری ہے، ان کے پاس صرف کرپشن اور لوٹ مار کے اعدادوشمار ہیں جو پوری قوم کے سامنے پہلے ہی آ چکے ہیں۔انکاکہنا تھا اپوزیشن نے کہا بجٹ میں ٹیکسز کا بوجھ لادھ گیا جبکہ فنانس بل کے مطابق درجنوں شعبوں کو ٹیکسز میں چھوٹ دی گئی،مالی مشکلات کے باوجود مختلف شعبوں کو 56ارب روپے کا ٹیکس ریلیف دیاگیا،حقیقت میں عوام دوست،ٹیکس فری بجٹ پر اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ اپوزیشن کا '' میں نہ مانوں '' کا بیانیہ ان کی اپنی سیاسی رسوائی کا سبب بن رہا ہے۔ اپوزیشن نے بجٹ پڑھا ہی نہیں ورنہ ان کے بیانات میں تضاد نہ ہوتا، پریس کانفرنس میں موجود رہنما تعلیم و صحت کے بجٹ پر مختلف اعدادو شمار پیش کرتے رہے جس سے ان کی اپنی سیاست کا پوسٹمارٹم ہوگیا ہے۔
ترجمان پنجاب