صوبے میں 5نئی تحصیل میونسپل انتظامیہ کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری

صوبے میں 5نئی تحصیل میونسپل انتظامیہ کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے صوبے میں 5 نئی تحصیل میونسپل انتظامیہ کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نئی تحصیل میونسپل انتظامیہ کے قیام پر موقف دیتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ نئی تحصیل میونسپل انتظامیہ کے قیام کا مقصد خدمات کی بہترین فراہمی ہے۔ جبکہ اسی سلسلے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی ٹی ایم ایز سے بلدیاتی سہولیات و خدمات کو مزید موثر بنایا جاسکے گا۔ تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر صاف پانی، بہترین نکاسی آب اور صحت و صفائی کے حوالے سے خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔مزید تفصیلات بتاتے ہوئے معاون وزیراعلی کامران بنگش نے واضح کیا کہ نئی تحصیل میونسپل انتظامیہ تحصیل سیو کوہستان، تحصیل خدوخیل بونیر، تحصیل مارتونگ، تحصیل غزنی خیل لکی اور تحصیل چغرزئی بونیر میں قائم کی گئیں ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مزید میونسپل انتظامیہ کے قیام کے لیے صوبے کے دیگر علاقوں کا بھی تجزیہ کر رہے ہیں۔کامران بنگش نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی خدمات کے حوالے سے شب و روز کام جاری ہے۔ اربن ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا قیام، کفایت شعاری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور کرپشن کی بیخ کنی کے لیے جاری کوششیں عوام دوست سوچ کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تحصیل میونسپل انتظامیہ یکم جولائی 2020 سے فنکشنل ہو جائیں گی۔

مزید :

صفحہ اول -