آدمی کو کان میں مسلسل آوازیں سنائی دینے لگیں، ڈاکٹر نے معائنہ کیا تو چکرا کر رہ گئے
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک آدمی کے کان میں کئی دن سے آوازیں آ رہی تھیں اور شدید تکلیف ہو رہی تھی جس پر وہ ہسپتال گیا جہاں ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد ایسا انکشاف کیا کہ سن کر ہی آدمی کے اوسان خطا ہو گئے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ چین کے شہر ژوہئی میں پیش آیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا تو پتا چلا کہ اس شخص کے کان میں جیتا جاگتا کاکروچ موجود تھا اور اسی کے چلنے پھرنے سے اس کے کان میں آوازیں آ رہی تھیں اور درد ہو رہا تھا۔
اس شخص کا علاج کرنے والے ڈاکٹر ژی کا کہنا تھا کہ ”ہمارے پاس اکثر ایسے کیس آتے رہتے ہیں۔ جس دن یہ شخص آیا، اسی روز ہمارے پاس تین ایسے مریض آئے تھے جن کے کانوں میں کاکروچ گھس گیا تھا۔ “ اس مریض کا نام ہی بتایا گیا ہے جس کا کہنا تھا کہ ”میں سو کر اٹھا تو میرے کان میں یہ آوازیں آ رہی تھیں اور تکلیف ہو رہی تھی۔ یقینا سوتے میں یہ کاکروچ میرے کان میں گھسا ہو گا۔“